انسانی کہانیاں عالمی تناظر

افیون: نشہ کے علاج پر عالمی ادارہ صحت کی نئی ہدایات کا اجراء

media:entermedia_image:18eb45d4-b352-4e03-a425-e334a66bf37d
World Bank/Trinn Suwannapha
دنیا بھر میں منشیات کے عادی 64 ملین افراد میں سے فی الوقت 10 فیصد سے بھی کم لوگوں کو علاج میسر ہے۔

افیون: نشہ کے علاج پر عالمی ادارہ صحت کی نئی ہدایات کا اجراء

صحت

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے افیون کی لت کے علاج اور اس کے حد سے زیادہ استعمال سے ہونے والے نقصان کو روکنے کے لیے اپنی تازہ ترین رہنمائی جاری کر دی ہے۔

دنیا بھر میں منشیات سے متعلقہ اموات میں سب سے زیادہ افیون کے استعمال سے ہوتی ہیں۔ 'ڈبلیو ایچ او' کے مطابق، ہر سال تقریباً 600,000 افراد منشیات استعمال کرنے کے باعث ہلاک ہو جاتے ہیں جن میں سے تقریباً 450,000 ہلاکتوں کی ذمہ دار افیون ہے۔ 

ادارے نے کہا ہے کہ افیون کی لت میں مبتلا یا اس کے زیادہ استعمال کے خطرے کی زد میں موجود لوگوں کے لیے سستی، اخلاقی، معیاری اور شواہد پر مبنی معاونت اور نگہداشت لازمی ہے کیونکہ دنیا بھر میں منشیات کے عادی 64 ملین افراد میں سے فی الوقت 10 فیصد سے بھی کم لوگوں کو علاج میسر ہے۔

رپورٹ کی تیاری

'ڈبلیو ایچ او' نے اس مسئلے پر اپنی تازہ ترین رہنمائی میں واضح کیا ہے کہ میتھاڈون اور منہ کے ذریعے لی جانے والی بوپرینورفائن جیسی دوائیں تربیت یافتہ طبی عملے کے ذریعے فراہم کی جانا چاہئیں تاکہ یہ مناسب طبی دیکھ بھال کے لیے ہی استعمال ہو سکیں۔

ادارے نے طویل اثر کی حامل اور انجیکشن کے ذریعے دی جانے والی بوپرینورفائن کے محتاط استعمال کی تجویز بھی دی ہے۔ اس مسئلے پر شواہد، وجوہات، مشوروں اور تحقیقی کمی سمیت کئی پہلوؤں کا احاطہ کرنے والی مکمل رہنما دستاویز کی تیاری مکمل کی جا رہی ہے اور توقع ہے کہ یہ رواں سال کے آخر یا 2027 کے آغاز میں جاری کر دی جائے گی۔