انسانی کہانیاں عالمی تناظر

مسلح تنازعات گھروں کی تباہی اور غربت کا سبب، انسانی حقوق ماہر

زیادہ سے زیادہ تباہ شدہ عمارت پیروی کرنے والی ایک بہت بڑی تباہی واقع ہے، قریبی پناہ گاہ سے بچنے والے بےگھر خاندانوں کو خطرہ لاحق ہے.
UN News
غزہ کی حالیہ جنگ میں تباہ ہونے والی ایک رہائشی عمارت۔

مسلح تنازعات گھروں کی تباہی اور غربت کا سبب، انسانی حقوق ماہر

امن اور سلامتی

رہائش کے حق پر اقوام متحدہ کے خصوصی اطلاع کار بالا کرشنن راج گوپال نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مسلح تنازعات بڑے پیمانے پر گھروں کی تباہی اور لاکھوں لوگوں کے لیے شدید غربت کا سبب بن رہے ہیں جبکہ مصنوعی ذہانت نے اس مسئلے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کو اس مسئلے پر اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے ایسی اطلاعات کا حوالہ دیا ہے جن کے مطابق ایران پر حملوں کے ابتدائی 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مصنوعی ذہانت کی مدد سے ایک ہزار سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ کشیدگی مزید شدت اختیار نہیں کرے گی اور جلد از جلد ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن سے اس صورتحال کو روکا جا سکے۔ 

راج گوپال نے متحارب فریقین پر زور دیا ہے کہ ایک دوسرے پر بمباری کرنے اور دہائیوں کی محنت سے بنائی گئی چیزوں کو تباہ کرنے کے بجائے مذاکرات کی میز پر واپس آئیں اور اپنے اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔

گھروں کی تباہی کا جرم

اطلاع کار نے اپنی رپورٹ میں غزہ، سوڈان، شام اور یوکرین سمیت دیگر جگہوں پر مسلح تنازعات کے دوران گھروں کی وسیع پیمانے پر یا منظم تباہی کو 'ڈومیسائیڈ' یا لوگوں کے گھروں کو جان بوجھ کر بڑے پیمانے پر تباہ کرنے کا جرم قرار دیا ہے۔

انہوں نے جولائی 2025 میں گوئٹے مالا کے اپنے دورے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں جبری بے دخلی اور قدیمی مقامی و کسان برادریوں کو مجرم قرار دینے کا تشویش ناک رجحان بڑھ رہا ہے۔ ایسے بیشتر اقدامات نجی تعمیراتی کمپنیوں کی جانب سے دائر کیے گئے فوجداری مقدمات کے بعد عدالتی احکامات کے تحت ہوتے ہیں جبکہ اپنے گھر یا زمین سے محروم ہونے والے لوگوں کو حکام کی جانب سے مناسب تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا۔

غیر جانبدار ماہرین و اطلاع کار

غیرجانبدار ماہرین یا خصوصی اطلاع کار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ کار کے تحت مقرر کیے جاتے ہیں جو اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔