لاطینی امریکہ: جنسی جرائم میں ملوث 60 افراد گرفتار، 65 بچے بازیاب
اقوام متحدہ کے ادارہ انسداد منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) کے تعاون سے وسطی و شمالی امریکہ اور غرب الہند کے 9 ممالک میں انٹرپول نے بچوں کے ساتھ جنسی جرائم میں ملوث 60 افراد کو گرفتار کر کے 65 بچوں کو بازیاب کرایا ہے۔
فروری 2025 سے جنوری 2026 تک آپریشن ایکلپس کے نام سے کی جانے والی اس کارروائی کا مقصد بچوں کے ساتھ جنسی استحصال اور بدسلوکی سے متعلق مواد کی تیاری اور ترسیل کے نیٹ ورک کو نشانہ بنانا تھا۔ اس دوران خاص طور پر متاثرین کی شناخت اور طویل عرصہ سے حل طلب کیس دوبارہ کھولنے پر توجہ دی گئی۔
بازیاب کرائے گئے متاثرین میں سے بیشتر کی عمر 5 سے 13 سال کے درمیان تھی جن میں تقریباً 80 فیصد لڑکیاں ہیں۔ 'یو این او ڈی سی' نے کہا ہے کہ یہ اعداد و شمار نشاندہی کرتے ہیں کہ اس جرم کا غیر متناسب بوجھ لڑکیوں پر پڑتا ہے۔
مجرموں کی متنوع شناخت
ادارے نے بتایا ہے کہ گرفتار کیے گئے ملزموں اور متاثرین کے باہمی تعلقات مختلف نوعیت کے تھے۔ جن میں خاندان کے افراد، دوست، پڑوسی، اساتذہ، آن لائن مجرم اور غیرملکی افراد شامل ہیں۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ جنسی جرائم کرنے والوں کی کوئی ایک مخصوص شناخت نہیں ہوتی۔
انٹرپول کی قیادت اور 'یو این او ڈی سی' کی معاونت سے اس کارروائی کے ذریعے لاطینی امریکا کے مختلف ممالک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدالتی حکام کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا گیا تاکہ تحقیقات کو ہم آہنگ کیا جا سکے، مخصوص کارروائیاں کی جا سکیں اور سرحد پار مضبوط شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔ انٹرپول نے تکنیکی معاونت، معلومات کے تبادلے اور حکمت عملی سے متعلق رہنمائی کا کام کیا جبکہ 'یو این او ڈی سی' نے تفتیش اور استغاثہ کے اداروں کو تربیت، رہنمائی اور تکنیکی مدد دی۔
پانامہ میں حکام نے ایک ایسے متاثرہ بچے کی شناخت کی جو 10 سال سے زیادہ عرصہ تک انٹرپول کے بین الاقوامی ڈیٹا بیس میں موجود ہونے کے باوجود پہچانا نہیں جا سکا تھا۔ اس طرح پولیس کو عدالتی کارروائی کے لیے اہم شواہد حاصل ہوئے، مزید دو متاثرین کی نشاندہی ہوئی اور متاثرہ بچے کو تحفظ اور مدد کی فراہمی ممکن ہوئی۔
جرم کی روک تھام اور انصاف
ڈومینیکن ریپبلک میں دو افراد کو بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور بدسلوکی سے متعلق مواد کی تیاری کے جرائم میں گرفتار کیا گیا۔ متاثرہ بچوں کی عمریں 10 سے 13 سال کے درمیان ہیں۔ ایک متاثرہ بچے کے والد کو بھی گرفتار کیا گیا جس پر زیادتی کو ممکن بنانے اور خود اس میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ دوسرا ملزم بین الاقوامی جنسی مجرم تھا۔ ان کی گرفتاری کے بعد بچوں سے بدسلوکی کے حوالے سے مزید مواد بھی برآمد ہوا جن سے دیگر متاثرین کی نشاندہی ہوئی۔
کوسٹاریکا میں پولیس نے انٹرپول کے بین الاقوامی ڈیٹا بیس میں موجود بچوں کے استحصال سے متعلق دس سال سے زیادہ پرانے مواد کی تحقیقات کیں۔ خصوصی یونٹ نے ایک متاثرہ شخص کی شناخت کی تصدیق کی جو زیادتی کے وقت نوعمر تھا۔ ایک اور اہم پیش رفت میں پانامہ اور ڈومینیکن ریپبلک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے نتیجے میں دو ایسے مشتبہ افراد کی شناخت ہوئی جو جنسی جرائم کے مقدمات میں پانامہ کی پولیس کو مطلوب تھے۔ دونوں افراد ڈومینیکن ریپبلک میں پائے گئے جس کے بعد ان کی حوالگی کی کارروائی شروع کر دی گئی۔
انٹرپول کے قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر برائے پولیس سیریل گوٹ نے کہا ہے،آپریشن ایکلپس اس بات کا ثبوت ہے کہ بین الاقوامی تعاون اور خصوصی مہارت کے ذریعے کئی برس پرانے جرائم کو بھی بے نقاب کیا جا سکتا ہے اور ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکتا ہے۔