انسانی کہانیاں عالمی تناظر

پاکستان: 80 فیصد سے زیادہ محنت کش سماجی تحفظ سے محروم، یو این ادارہ

پاکستان کے بلوچستان میں ایک اینٹوں کے بھٹے میں ایک شخص گیلی مٹی کو اینٹوں میں ڈھالنے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
Shoaib Tariq حیدر علی نے اپنے آجر سے 20 ہزار روپے قرض لے رکھا ہے جس کی ادائیگی تک وہ بھٹہ نہیں چھوڑ سکتے۔

پاکستان: 80 فیصد سے زیادہ محنت کش سماجی تحفظ سے محروم، یو این ادارہ

انسانی حقوق

عالمی ادارہ محنت (آئی ایل او) پاکستان میں غیر رسمی شعبے کے محنت کشوں کی تنظیم سازی اور ان کے کام کو رسمی صورت دے کر انہیں حقوق اور سماجی تحفظ کی فراہمی میں مدد فراہم کر رہا ہے۔

اس مقصد کو لے کر 'آئی ایل او' کے زیراہتمام دارالحکومت اسلام آباد میں ایک سہ فریقی فورم کا انعقاد کیا گیا جس میں حکومت، آجروں اور مزدور تنطیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر غیررسمی شعبے میں کام کرنے والوں کو رسمی حیثیت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ یہ فورم 'محنت کشوں کی تنظیم سازی اور ان کے کام کو رسمی صورت دینے کے ذریعے حقوق اور سماجی شمولیت کے فروغ' سے متعلق ادارے کے منصوبے کے دوسرے مرحلے کا حصہ تھا۔ 

اس موقع پر پاکستان میں 'آئی ایل او' کے ڈائریکٹر گیئر ٹونسٹول نے کہا کہ کوئی ادارہ غیر رسمی معیشت کے مسئلے سے اکیلا نہیں نمٹ سکتا بلکہ سہ فریقی تعاون ہی اس کا حل ہے۔ جب حکومتیں، آجر اور کارکن مل کر کام کرتے ہیں تو آگاہی بڑھتی ہے، طریقہ کار بہتر ہوتے ہیں اور ادارے مضبوطی پاتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ہونے والی پیش رفت بھی پائیدار ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں 80 فیصد سے زیادہ محنت کش غیر رسمی معیشت سے وابستہ ہیں جہاں انہیں سماجی تحفظ اور مکمل حقوق تک رسائی حاصل نہیں۔

ایک آدمی ورکشاپ میں دھات کو پیس رہا ہے، چنگاریوں کی بارش کر رہا ہے۔
Muhammad Faisal

باعزت روزگار کی لازمی شرائط 

فورم میں 300 سے زیادہ افراد نے شرکت کی جہاں محنت کشوں کے حقوق اور سماجی تحفظ کو غیر رسمی شعبوں میں کام کرنے والے مزدوروں تک وسعت دینے کے لیے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور پائیدار اقدامات کو وسیع پیمانے پر نافذ کرنے کے لیے ترجیحات کا تعین کیا گیا۔ ان محنت کشوں میں گھریلو ملازمین، صفائی کے شعبے اور پلاسٹک ویلیو چین سے وابستہ افراد شامل ہیں۔ شرکا کا کہنا تھا کہ اداروں کو مضبوط بنانا، سماجی مکالمے کو فروغ دینا اور سماجی تحفظ فراہم کرنا بہتر اور باعزت روزگار کی لازم شرائط ہیں۔

فورم میں بات کرتے ہوئے صوبائی محکمہ محنت کے ایڈیشنل سیکرٹری توصیف دلشاد کھٹانہ نے کہا کہ حکومت محنت کشوں کو غیر رسمی سے رسمی روزگار کی طرف منتقل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس ضمن میں کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹ جیسے اقدامات مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے اور ملازمت کے معاملات میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے میں مدد دیں گے۔

پاکستان میں خواتین گھریلو ملازمین کے حقوق کے لیے احتجاج کے دوران اردو متن اور نعروں کے ساتھ نشانیاں اٹھائے ہوئے ہیں۔
HomeNet Pakistan

گھریلو ملازمین کے لیے سماجی تحفظ 

'آئی ایل او' کے اس منصوبے کے تحت شراکت داروں نے صوبہ پنجاب میں گھریلو ملازمین کو سماجی تحفظ کی فراہمی کے اقدامات کی حمایت کی جن میں کم از کم اجرت کا تعین اور سماجی تحفظ کے لیے آسان اندراج جیسی سہولیات شامل ہیں۔ 

اس اقدام کے ذریعے سماجی مکالمے کے نظام کو بھی مضبوط بنایا گیا ہے جس کے تحت صوبے کے ادارہ برائے سماجی تحفظ اور آجر و مزدور تنظیموں کے درمیان تعاون کو فروغ دیا گیا۔ نتیجتاً صفائی اور پلاسٹک ویلیو چین کے شعبوں میں نئی مزدور انجمنیں قائم ہوئیں اور مختلف اضلاع میں کام کرنے والی گھریلو ملازمین کی تنظیموں نے مل کر پنجاب میں گھریلو ملازمین کی پہلی فیڈریشن کی بنیاد رکھی۔

منصوبے کے تحت گھریلو اور صفائی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے 10 ہزار سے کارکنوں کا انجمنوں میں اندراج کیا گیا۔ گھریلو کارکنوں کو ملازمتی تنازعات کے حل میں مدد کے لیے مقامی سطح پر یونین کونسل کمیٹیاں بھی قائم کی گئیں۔ 'لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی' نے 18 ہزار سے زیادہ محنت کشوں کو سماجی تحفظ کی سہولت فراہم کی۔ علاوہ ازیں، پیشہ وارانہ تحفظ اور صحت کے اقدامات کو بھی بہتر بنایا گیا جن میں ذاتی حفاظتی سامان کی فراہمی، تنخواہ کے ساتھ زچگی کی چھٹی اور کام کی جگہ پر طبی سہولیات شامل ہیں۔

فورم میں 'پی آر ایس' منصوبے کی علاقائی رابطہ کار ہیجن آن نے کہا کہ اگرچہ غیر رسمی معیشت ایک پیچیدہ اور کثیر الجہتی مسئلہ ہے لیکن پاکستان میں اس منصوبے کے تحت مشترکہ اقدامات کے ذریعے حاصل ہونے والی کامیابیاں ظاہر کرتی ہیں کہ جب پالیسیاں، ادارے اور نظام مل کر کام کریں تو محنت کشوں کے لیے رسمی نظام میں شمولیت کے راستے ہموار کیے جا سکتے ہیں جس سے ان کی پہچان، وقار اور روزگار کے مواقع بہتر ہوتے ہیں۔