انسانی کہانیاں عالمی تناظر

پاکستان اور افغانستان مسائل کا حل سفارتکاری سے کریں، وولکر ترک

وولکر ترک ویانا انٹرنیشنل سنٹر میں ویانا یوتھ ہیومن رائٹس ڈیفنڈرز کانفرنس 2023 سے خطاب کر رہے ہیں۔
UNIS Vienna انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک (فائل فوٹو)۔

پاکستان اور افغانستان مسائل کا حل سفارتکاری سے کریں، وولکر ترک

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے پاکستان اور افغانستان کے مابین مسلح کشیدگی کے تناظر میں دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل نکالیں۔ انہوں نے افغان حکام کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں کے حوالے سے مزید کڑے اور امتیازی احکامات کے اجرا کی مذمت بھی کی ہے۔

ہائی کمشنر نے افغانستان میں اقوام متحدہ کے معاون مشن (یوناما) کی جانب سے دونوں ممالک کے مابین بڑھتی کشیدگی اور سرحد پار حملوں میں شہری ہلاکتوں کی اطلاعات پر کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان موجودہ صورت حال طاقت کے استعمال میں اضافے کے بجائے فوری سیاسی مکالمے کا تقاضا کرتی ہے۔

Tweet URL

اطلاعات کے مطابق، پاکستان کی فوج ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں مبینہ طور پر ملوث مسلح جنگجوؤں کو سرحد پار فضائی حملوں کا نشانہ بنا رہی ہے جن کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنی کارروائیوں کے بعد افغانستان میں پناہ لیتے ہیں۔

یوناما کے مطابق، 2025 کے آخری تین ماہ کے دوران افغانستان میں ہونے والے ایسے حملوں میں 70 شہری ہلاک اور 478 زخمی ہوئے۔ رواں ہفتے کے آغاز میں پاکستانی فوج کے حملوں میں مزید 13 شہریوں کی ہلاکت ہوئی اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ 

انسانی حقوق کا قبرستان

وولکر ترک نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان انسانی حقوق کا قبرستان بنتا جا رہا ہے جہاں حکام پر تنقید جرم بن گیا ہے جنہوں نے حالیہ دنوں ایسے احکامات جاری کیے ہیں جن کے تحت خواتین اور لڑکیوں پر گھریلو تشدد کو جائز قرار دیا گیا ہے۔ 

ہائی کمشنر نے کہا کہ افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کی عوامی زندگی میں شرکت بھی جرم ہے۔ انہیں ثانوی اور اعلیٰ درجے کی تعلیم سے محروم اور اور بیشتر ملازمتوں سے بھی خارج کر دیا گیا ہے۔ امتیازی سلوک ان کی طبی سہولیات تک رسائی، سماجی سرگرمیوں میں شرکت، نقل و حرکت اور اظہار رائے کی آزادی کو بھی متاثر کر رہا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے افغانستان میں انسانی حقوق کی سلبی سے متعلق احکامات جاری کرنے کے پاداش میں طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ اور چیف جسٹس عبدالحکیم حقانی کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر رکھے ہیں۔

خواتین پر بدترین پابندیاں

ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ افغان عوام کے لیے روزمرہ زندگی پر بڑھتی ہوئی رکاوٹوں اور جبر کی ایک مثال یہ ہے کہ مردوں کے لیے داڑھی رکھنا اور خواتین کے لیے سخت ضوابط کے مطابق حجاب پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ خواتین کو محرم (مرد سرپرست) کے بغیر گھروں سے نکلنے سے روکا گیا ہے جبکہ موسیقی اور جاندار اشیا کی تصاویر پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

گزشتہ سال 7 ستمبر سے حکام نے افغان خواتین کو ملک بھر میں اقوام متحدہ کے دفاتر میں داخل ہونے سے روک دیا تھا جن میں اقوام متحدہ کے عملے کی ارکان، ٹھیکیدار اور مہمان بھی شامل ہیں۔ یہ پابندیاں غیرمعمولی اور نہایت تشویشناک ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ حکام پر بین الاقوامی انسانی حقوق کی پاسداری کے لیے دباؤ ڈالیں۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے امن اور سلامتی پر سنگین اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ افغان عوام کو درپیش بگڑتے حالات طویل عرصہ سے عالمی برادری کے لیے باعث تشویش رہے ہیں۔ اس مسئلے پر انسانی حقوق کونسل کے علاوہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی بحث ہوتی آئی ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی بھی متعدد قراردادوں کے ذریعے افغان عوام کی مسلسل حمایت کا اعادہ کر چکی ہے جن میں ایک پرامن، مستحکم، محفوظ اور معاشی طور پر خود کفیل ریاست کی تشکیل پر زور دینا بھی شامل ہے جو دہشت گردی، منشیات، بین الاقوامی منظم جرائم اور بدعنوانی سے پاک ہو۔