طاقتوروں کے ہاتھوں انسانی حقوق کو دنیا بھر میں خطرہ لاحق، گوتیرش
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق بڑے پیمانے پر حملوں کی زد میں ہیں اور افسوسناک طور سے یہ حملے وہی قوتیں کر رہی ہیں جن کے پاس سب سے زیادہ طاقت ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے قیام کو 20 سال مکمل ہونے پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ، میانمار، یوکرین، سوڈان اور دیگر خطوں میں جاری کشیدگی اور غیر یقینی حالات کے تناظر میں کونسل کو حقوق کے تحفظ میں ثابت قدم رہنا ہو گا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ 24 فروری کو یوکرین پر روس کے حملے کو چار برس مکمل ہو جائیں گے جس میں 15 ہزار سے زیادہ شہری جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں اور خونریزی ختم کرنے میں اب مزید تاخیر کی گنجائش نہیں۔
سیکرٹری جنرل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادیوں کی توسیع کے تناظر میں خبردار کیا کہ مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کو دن دہاڑے ختم کیا جا رہا ہے اور عالمی برادری کو ایسا ہونے سے روکنا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑھتے ہوئے تنازعات اور جارحیت کے باوجود مجرموں کو سزا نہ ملنے کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ حکومتیں بین الاقوامی قانون میں درج بنیادی انسانی حقوق کو نظر انداز کر رہی ہیں جبکہ انسانی ضروریات میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے اور مالی وسائل تیزی سے کم ہوتے جا رہے ہیں۔
سوئزرلینڈ کے شہر جنیوا میں منعقدہ اس اجلاس میں 120 سے زیادہ رکن ممالک کے مندوبین جمع ہوئے اور بین الاقوامی قانون سے مشترکہ وابستگی کا اعادہ کیا۔ یہ اجتماع ایسے وقت ہوا جب دنیا بھر میں بے قابو عدم استحکام، جنگوں اور دوبارہ سر اٹھاتے تنازعات نے حالات کو نہایت پیچیدہ بنا دیا ہے۔
عدم تحفظ، نابرابری، موسمیاتی بحران
انتونیو گوتیرش نے اپنی دوسری پانچ سالہ مدت کے اختتام سے قبل کونسل سے اپنے آخری خطاب میں عدم تحفظ اور عدم مساوات کے اسباب پر بھی روشنی ڈالی جن کے باعث تارکین وطن کو ہراساں، گرفتار اور بے دخل کیا جا رہا ہے، پناہ گزینوں کو خراب حالات کا ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے اور 'ایل جی بی ٹی آئی کیو پلس' برادری کے حقوق پامال کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کئی ممالک قرضوں اور مایوسی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، موسمیاتی تبدیلی کا بحران شدت اختیار کر رہا ہے، اور بالخصوص چھوٹے اور کمزور ممالک کو مناسب سرمایہ کاری میسر نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دنیا میں اجتماعی مصائب کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے انسانوں کو سودے بازی کا ذریعہ بنایا جاتا ہے اور بین الاقوامی قانون کو محض رکاوٹ سمجھا جاتا ہے۔
مصنوعی ذہانت اور نئے خدشات
سیکرٹری جنرل نے خبردار کیا کہ ٹیکنالوجی، خصوصاً مصنوعی ذہانت کو بھی اب حقوق سلب کرنے، عدم مساوات بڑھانے اور محروم طبقات کو آن لائن اور آف لائن نئی اقسام کے امتیاز کا نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے منشور میں درج کثیرالفریقی تعاون اور یکجہتی کی اقدار سے ازسرنو وابستگی پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق نہ تو کوئی تعیش ہیں اور نہ ہی ان پر سودے بازی ہو سکتے ہیں۔ اس کے بجائے، یہ پرامن اور محفوظ دنیا کی بنیاد ہیں جبکہ ریاستوں پر اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کی تعمیل کرنا لازم ہے۔
حقوق کے دفاع کی ضرورت
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر اینالینا بیئربوک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کی بات ہو تو خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھا جا سکتا۔ خاموشی بھی ایک انتخاب ہے اور اس کے نتائج ہوتے ہیں۔ تاریخ بتاتی ہے کہ بڑے نظام اچانک نہیں ٹوٹتے بلکہ آہستہ آہستہ، اصول در اصول اور عہد در عہد کمزور ہوتے جاتے ہیں یہاں تک کہ ایک دن وہ سب کچھ مٹ جاتا ہے جو کبھی مستقل دکھائی دیتا تھا۔
انہوں نے افغان خواتین کی ابتر حالت کا ذکر بھی کیا جہاں طالبان کی نئی ہدایات کے تحت مبینہ طور پر شوہر اپنی بیویوں کو اس شرط پر جسمانی تشدد کا نشانہ بنا سکتے ہیں کہ جسم پر اس کے نشانات نہ ابھریں۔
اینالینا بیئربوک کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے سامنے پسپائی اختیار کرنا کبھی کامیاب نہیں ہوتا۔ آج نہ صرف خواتین کے حقوق بلکہ دیگر بنیادی انسانی اقدار اور ضوابط بھی خطرات کی زد میں ہیں۔
جنرل اسمبلی کی صدر نے تمام رکن ممالک سے یہ عہد کرنے کی اپیل بھی کی کہ وہ یوکرینی بچوں کے اغوا کو جنگی جرم سمجھیں۔ ان کا اشارہ ایسے بچوں کی جانب تھا جو 2014 میں کرائمیا پر روس کا قبضہ ہونے کے بعد اپنے خاندانوں سے جدا کر دیے گئے اور ان میں وہ بچے بھی شامل ہیں جنہیں مقبوضہ یوکرینی علاقوں کے اندر منتقل کیا گیا یا روس بھیج دیا گیا۔
عالمگیر اتحاد برائے انسانی حقوق
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بعض حکومتیں کثیرالفریقی نظام کو کمزور کر رہی ہیں۔ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی بلا امتیاز ہونی چاہیے چاہے اس کا ارتکاب کوئی بھی کرے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی ان کا دفتر 'عالمگیر اتحاد برائے انسانی حقوق' قائم کرے گا جس میں رکن ممالک، کاروباری ادارے، شہر، مخیر حضرات، سائنس دان، فنکار، فلسفی، نوجوان اور سول سوسائٹی شامل ہوں گے۔
ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ہروقت، ہر جگہ اور ہر انسان کے حقوق کا متحدہ طور پر دفاع کرنے پر ہی انسانیت کے مستقبل کا انحصار ہے۔