انسانی کہانیاں عالمی تناظر

رمضان کی آمد پر یو این چیف کی مسلمانوں کو مبارکباد

media:entermedia_image:5fc500c0-8ad5-4687-a06b-e5f1f5ad278c
UNTV
اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیرش۔

رمضان کی آمد پر یو این چیف کی مسلمانوں کو مبارکباد

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو ماہ رمضان کے آغاز پر مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقدس مہینے میں تقسیم کو ختم کرنے، تکالیف میں مبتلا لوگوں کو مدد اور امید دینے اور ہر فرد کے حقوق و وقار کے تحفظ کا عہد کرنا چاہیے۔

اس موقع پر اپنے پیغام میں سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ رمضان مقدس دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے روحانی تزکیے اور عبادت کا وقت ہے۔ یہ مہینہ امید اور امن کے ایک اعلیٰ اور باوقار تصور کی نمائندگی بھی کرتا ہے۔ لیکن دنیا میں بہت سے لوگوں کے لیے یہ تصور ابھی تک دور کا خواب ہے۔

افغانستان سے یمن، غزہ سے سوڈان اور ساہل خطے تک اور دیگر جگہوں پر لوگ جنگ، قحط، بے گھری، امتیازی سلوک اور دیگر اذیت ناک مشکلات جھیل رہے ہیں۔ ان آزمائشوں اور تقسیم کے وقت رمضان کے پائیدار پیغام پر غور کرنا چاہیے۔

رمضان کے اقدار

سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ وہ ہر رمضان کے موقع پر دنیا کے کسی علاقے میں مسلمان برادری کے پاس جا کر اس کے ساتھ کچھ وقت بِتاتے اور روزہ رکھتے ہیں۔ یہ دورے دنیا کو اسلام کے حقیقی چہرے سے روشناس کراتے ہیں اور واپسی پر انہیں امن و سکون کا وہی احساس ہوتا ہے جو رمضان اپنے ساتھ لاتا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس مقدس مہینے کی اقدار اور اپنی مشترکہ انسانیت سے کام لیتے ہوئے دنیا کو تمام انسانوں کے لیے مزید منصفانہ اور پرامن بنانے کے لیے کام کرنا چاہیے۔