ایپسٹین کارروائیاں انسانیت کے خلاف ممکنہ جرائم، انسانی حقوق ماہرین
انسانی حقوق پر اقوام متحدہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ ایپسٹین فائلز میں خواتین اور کم عمر لڑکیوں کے ساتھ منظم اور بڑے پیمانے پر جنسی زیادتی اور استحصال کے ہولناک اور قابل اعتبار شواہد موجود ہیں۔ یہ جرائم جنسی غلامی، تولیدی تشدد، جبری گمشدگی، غیر انسانی سلوک اور نسوانی قتل کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔
ماہرین نے کہا ہے کہ یہ جرائم برتری کے نسلی نظریات، نسل پرستی، بدعنوانی، انتہا درجے کی زن بیزاری اور دنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی خواتین اور لڑکیوں کی خرید و فروخت اور ان کی انسانیت سوز تذلیل جیسے پس منظر میں کیے گئے۔ ایپسٹین فائلز سے ایک عالمی مجرمانہ نیٹ ورک کے وجود کا عندیہ ملتا ہے جس نے انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور ایسے جرائم پر حاصل استثنا کے خوفناک پہلوؤں کو بے نقاب کیا ہے۔
ان مظالم کی وسعت، نوعیت، منظم انداز اور سرحدوں سے ماورا پھیلاؤ اس قدر سنگین ہے کہ ان میں سے متعدد کارروائیاں قانونی طور پر انسانیت کے خلاف جرائم کی تعریف پر پورا اتر سکتی ہیں۔
بین الاقوامی فوجداری قانون کے تحت انسانیت کے خلاف جرائم اس وقت شمار ہوتے ہیں جب جنسی غلامی اور زیادتی، جبری جسم فروشی، انسانی سمگلنگ، ایذا رسانی، تشدد یا قتل جیسے افعال کسی آبادی کے خلاف منظم یا وسیع پیمانے پر حملے کے طور پر اور دانستہ انجام دیے جائیں۔ لہٰذا ان جرائم کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر تمام مجاز عدالتوں میں پیروی ہونی چاہیے۔
متاثرین کی معلومات کا افشا
یہ انکشافات ایپسٹین فائلز ٹرانسپیرنسی ایکٹ کے تحت جاری کیے جا رہے ہیں جس پر 19 نومبر 2025 کو دستخط کیے گئے تھے۔ خاصی تاخیر کے بعد 30 جنوری 2026 کو امریکی محکمہ انصاف نے متعلقہ مواد کی بڑی مقدار جاری کی جس میں 30 لاکھ سے زیادہ صفحات، دو ہزار ویڈیوز اور ایک لاکھ 80 ہزار تصاویر شامل تھیں۔
اس قدر بڑے پیمانے پر مواد جاری ہونے کے باوجود ماہرین نے ضابطہ کاری میں سنگین کوتاہیوں اور بعض دستاویزات کو حذف کرنے کے ناقص طریقہ کار پر تشویش ظاہر کی جس کے نتیجے میں متاثرین کی حساس معلومات افشا ہو گئیں اور کئی مواقع پر ریکارڈ واپس لیے جانے سے پہلے ہی نقصان ہو چکا تھا۔
ماہرین نے کہا ہے کہ مواد جاری کرنے اور دستاویزات کو حذف کرنے کے عمل میں سنگین غلطیاں اس بات کی متقاضی ہیں کہ متاثرین کو مدنظر رکھتے ہوئے واضح اور موثر طریق کار وضع کیا جائے تاکہ کسی بھی متاثرہ فرد کو مزید نقصان نہ پہنچے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ رازداری کے تحفظ میں ناکامی انہیں انتقامی کارروائی اور معاشرتی بدنامی کے خطرے سے دوچار کرتی ہے۔ مکمل معلومات فراہم نہ کرنے یا تحقیقات کا دائرہ وسیع نہ کرنے میں ہچکچاہٹ کے سبب بہت سی متاثرین کو دوبارہ ذہنی صدمے سے دوچار ہونا پڑا۔
جواب طلبی کا فقدان
ماہرین نے کہا ہے کہ ایپسٹین فائلز میں شامل تمام الزامات نہایت سنگین نوعیت کے ہیں اور ان کی آزادانہ، جامع اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ناگزیر ہیں۔ اس کے ساتھ یہ جانچ بھی ضروری ہے کہ ایسے جرائم اس قدر طویل عرصہ تک کیسے جاری رہے۔
اس معاملے میں جواب طلبی بھی محدود رہی اور اب تک صرف ایک ہی فرد کے خلاف تحقیقات ہو رہی ہیں۔ انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کے تحت رکن ممالک پر لازم ہے کہ وہ خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کو روکیں، اس کی تحقیقات کریں اور اس کا ارتکاب کرنے والوں کو سزا دیں چاہے یہ جرائم عام شہریوں نے ہی کیوں نہ کیے ہوں۔
انہوں نے ذاتی خطرات کے باوجود انصاف کے لیے آواز بلند کرنے والی متاثرین کی ہمت اور ثابت قدمی کو سراہا ہے۔ ان میں سے چند متاثرین نے حال ہی میں خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد پر اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ سے ملاقات بھی کی۔
انصاف یقینی بنانے کا مطالبہ
ماہرین نے ان حکومتوں کے اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے جنہوں نے فائلوں میں نامزد اپنے موجودہ اور سابق سرکاری اہلکاروں اور شہریوں کے خلاف تحقیقات شروع کی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومتوں پر لازم ہے کہ وہ فیصلہ کن اقدامات کریں اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔ کوئی بھی بااثر یا دولت مند فرد قانون سے بالاتر نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے امریکی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر ان کوتاہیوں کا ازالہ کریں، مجرمانہ نیٹ ورک کے طریقہ کار کو سمجھنے کے لیے مکمل معلومات فراہم کریں، متاثرین کو مکمل تلافی اور ازالہ فراہم کریں اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں۔ اس جرم میں ملوث افراد کے استعفے احتساب کا متبادل نہیں ہو سکتے۔
غیر جانبدار ماہرین و اطلاع کار
غیرجانبدار ماہرین یا خصوصی اطلاع کار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ کار کے تحت مقرر کیے جاتے ہیں جو اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔