انسانی کہانیاں عالمی تناظر

امریکہ کا یو این ویمن کے ایگزیکٹو بورڈ کی رکنیت چھوڑنا قابل افسوس

media:entermedia_image:558f1ae8-4b39-40bb-bce6-394a726c55df
©HAYA Joint Programme/PWWSD
صنفی مساوات ہی امن، ترقی، معاشی استحکام اور جمہوری حکمرانی کی بنیاد ہے۔

امریکہ کا یو این ویمن کے ایگزیکٹو بورڈ کی رکنیت چھوڑنا قابل افسوس

خواتین

خواتین کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے 'یو این ویمن' نے امریکہ کی جانب سے اپنے ایگزیکٹو بورڈ کی رکنیت چھوڑنے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے لیے کثیرالفریقی تعاون کی ضرورت پہلے سے کہیں بڑھ گئی ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ اس کے قیام کے بعد امریکہ کی شراکت داری نے دنیا بھر میں صنفی مساوات اور خواتین و لڑکیوں کے حقوق کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ اس تعاون کے ذریعے قوانین اور اداروں کو مضبوط بنایا گیا، خواتین کی قیادت اور معاشی خودمختاری کو وسعت ملی، خواتین، امن اور سلامتی سے متعلق اقدامات کو آگے بڑھایا گیا، خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کی کوششوں کو تقویت ملی اور تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں انہیں ضروری مدد مہیا گئی۔

صنفی مساوات اہم

صنفی مساوات ہی امن، ترقی، معاشی استحکام اور جمہوری حکمرانی کی بنیاد ہے۔ ایسے وقت میں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کو تحفظ دینے میں امریکہ سمیت تمام ممالک کا قائدانہ کردار بہت اہم ہو گیا ہے جب حقوق کی مخالفت شدت اختیار کر رہی ہے اور دنیا بھر میں عدم مساوات بڑھتی جا رہی ہے۔

'یو این ویمن' نے کہا ہے کہ وہ امریکہ سمیت تمام رکن ممالک کے ساتھ تعمیری مکالمے کے لیے پرعزم ہے اور اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی جاری رکھے گا تاکہ حکومتوں، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور اقوام متحدہ کے نظام کی شراکت میں صنفی مساوات کو فروغ دیا جا سکے اور تمام خواتین و لڑکیوں کے حقوق کا تحفظ اور فروغ یقینی بنایا جا سکے۔