انسانی کہانیاں عالمی تناظر

کیوبا کو تیل کی رسد پر امریکی بندش قابل مذمت، یو این ماہرین

media:entermedia_image:58edee22-1fc3-4aeb-b761-5d0e4f67a426
UN News
کیوبا پہلے ہی سابقہ امریکی پابندیوں کے باعث توانائی کے شدید بحران کا سامنا کر رہا ہے جہاں کئی علاقوں میں 20 گھنٹے تک بجلی بند رہتی ہے۔

کیوبا کو تیل کی رسد پر امریکی بندش قابل مذمت، یو این ماہرین

انسانی حقوق

جمہوری و انسانی حقوق پر اقوام متحدہ کے ماہرین نے امریکی صدر کی جانب سے کیوبا کو تیل برآمد کرنے والے ممالک پر تجارتی محصولات عائد کرنے کے حکم نامے کی مذمت کی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک پر ایندھن کی ناکہ بندی مسلط کرنا قانون کی خلاف ورزی اور جمہوری و منصفانہ عالمی نظام کے لیے خطرہ ہے۔

ماہرین نے کہا ہے کہ یہ اقدام یکطرفہ معاشی جبر کی انتہا پسندانہ شکل ہے جس کے ماورائے سرحد اثرات مرتب ہوں گے۔ امریکہ اس اقدام کے ذریعے کیوبا پر دباؤ ڈالنا اور دیگر خودمختار ممالک کو بھی تعزیری تجارتی اقدامات کی دھمکی دے کر انہیں اپنے جائز تجارتی تعلقات تبدیل کرنے پر مجبور کرنا چاہتا ہے۔

Tweet URL

کیوبا کو امریکہ کی قومی سلامتی کے لیے غیر معمولی اور غیر روایتی خطرہ قرار دینا اور اس پر بین الاقوامی دہشت گرد گروہوں کی حمایت کا الزام عائد کرنا ناقابل اعتبار ہے اور بظاہر غیر معمولی اور جابرانہ اختیارات کے استعمال کو جواز فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ 

انہوں نے واضح کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اجازت کے بغیر یہ حکم نامہ اجتماعی سلامتی کے کسی اصول پر پورا نہیں اترتا اور اسے یکطرفہ اقدام کہنا بے جا نہ ہو گا۔

 شہریوں کے لیے اجتماعی سزا 

ماہرین کے مطابق، بین الاقوامی قانون کے تحت کسی ملک کو یہ حق نہیں کہ وہ دیگر ممالک کو آپس میں تجارت کرنے پر سزائیں دے۔ امریکی حکم نامہ مساوی خودمختاری ، عدم مداخلت اور حق خود ارادیت کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے جو اقوام متحدہ کے منشور کی رو سے جمہوری اور منصفانہ عالمی نظام کے بنیادی ستون ہیں۔ 

اس اقدام کے ذریعے بین الاقوامی تجارت اور سلامتی سے متعلق کثیرالفریقی نظام بشمول عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کو بھی نظرانداز کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ماہرین نے کیوبا کو ایندھن کی فراہمی محدود کرنے کے انسانی اثرات پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔

 ان کا کہنا ہے کہ کیوبا پہلے ہی سابقہ امریکی پابندیوں کے باعث توانائی کے شدید بحران کا سامنا کر رہا ہے جہاں کئی علاقوں میں 20 گھنٹے تک بجلی بند رہتی ہے۔ اس طرح خوراک اور ادویات کو محفوظ رکھنے کے نظام متاثر ہوتے ہیں اور صحت عامہ کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ ایندھن کی درآمدات میں مداخلت سنگین انسانی بحران کو جنم دے سکتی ہے جس کے اثرات بنیادی خدمات تک پھیل سکتے ہیں۔ ایسے اقدامات جو ضروری اشیا کی قلت کا سبب بن سکتے ہوں وہ شہری آبادی کو اجتماعی سزا کے مترادف ہو سکتے ہیں۔

حکم واپس لینے کا مطالبہ 

ماہرین نے امریکہ کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس حکم نامے کو واپس لے اور ماورائے سرحد معاشی تعزیری اقدامات کا استعمال بند کرے تاکہ اس کا طرز عمل بین الاقوامی قانون سے ہم آہنگ ہو سکے۔ 

انہوں نے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے یکطرفہ جابرانہ اقدامات کو تسلیم کرنے یا ان پر عملدرآمد سے گریز کریں جو عالمی قانون کو کمزور کرتے ہیں اور بین الاقوامی تعاون، مساوی خودمختار، عدم مداخلت اور تنازعات کے پرامن حل کے اصولوں کے تحفظ کے لیے سفارتی اور کثیرالفریقی اقدامات سمیت ہر مناسب قدم اٹھائیں۔

ماہرین نے کہا ہے کہ یکطرفہ معاشی جبر کو معمول بنا دینے سے بین الاقوامی قانونی نظام کمزور پڑ جائے گا، کثیرالفریقی اداروں کی بنیادیں ہل جائیں گی اور شہریوں پر ناقابل قبول مصائب مسلط ہوں گے۔

غیر جانبدار ماہرین و اطلاع کار

غیرجانبدار ماہرین یا خصوصی اطلاع کار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ کار کے تحت مقرر کیے جاتے ہیں جو اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔