انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یمن میں نئی حکومت کے قیام کا یو این کی طرف سے خیرمقدم

یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے ہینز گرنڈبرگ سلامتی کونسل سے خطاب کر رہے ہیں۔
UN Photo/Eskinder Debebe
یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے ہینز گرنڈبرگ سلامتی کونسل سے خطاب کر رہے ہیں (فائل فوٹو)۔

یمن میں نئی حکومت کے قیام کا یو این کی طرف سے خیرمقدم

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ نے یمن میں وزیراعظم شائع الزندانی کی سربراہی میں نئی حکومت کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیش رفت ایسے نازک وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور سلامتی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ملکی عوام کی قیادت میں جامع سیاسی عمل کی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے نیویارک میں معمول کی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ یمن میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے ہینز گرنڈبرگ نے کابینہ میں خواتین کی واپسی کا خیرمقدم کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ قدم جامع حکمرانی کو مضبوط بنانے اور خواتین کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

 گرنڈبرگ کے مطابق، نئی تشکیل پانے والی حکومت کو تعمیری ماحول میں کام کرنے کا موقع دینا ضروری ہے تاکہ استحکام کا حصول ممکن ہو سکے، یمنی عوام کی مشکلات میں کمی لائی جائے اور پائیدار امن کے لیے سازگار حالات پیدا کیے جا سکیں۔

ترجمان نے بتایا کہ خصوصی نمائندہ یمن اور خطے کے دیگر فریقین سے رابطے جاری رکھیں گے تاکہ بات چیت کے فروغ اور کشیدگی میں کمی لانے کی کوششوں میں مدد ملے۔