انسانی کہانیاں عالمی تناظر

لبنان اسرائیل سرحدی علاقوں پر ’جڑی بوٹی مار‘ سپرے قابل تشویش

یونیفارم اور نیلے رنگ کے ہیلمٹ میں UNIFIL کے امن دستے ایک بنجر، پہاڑی منظر نامے میں کھڑے ہیں، ایک سپاہی نے خاردار تاروں کا کنڈلی پکڑی ہوئی ہے۔
UNIFIL لبنان اور اسرائیل سرحد پر واقع بلیو لائن پر یو این امن کار فرائض سرانجام دیتے ہوئے۔

لبنان اسرائیل سرحدی علاقوں پر ’جڑی بوٹی مار‘ سپرے قابل تشویش

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ نے اسرائیل کی جانب سے یکم فروری کو لبنان کے ساتھ سرحد کے متوازی شمالی علاقوں میں جڑی بوٹیوں کا خاتمہ کرنے کی زہریلی دوا چھڑکے جانے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق(او ایچ سی ایچ آر) نے کہا ہے کہ یہ اقدام وہاں رہنے والے شہریوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ ادارے کے شعبہ اطلاعات کی ڈائریکٹر ایلیساندرا ویلوچی کا کہنا ہے کہ جڑی بوٹیاں ختم کرنے کی دوا کے استعمال سے مقامی زرعی زمینوں پر اس کے اثرات اور اس بات پر سنگین سوالات جنم لیتے ہیں کہ طویل مدتی طور پر یہ عمل شہریوں کی واپسی اور ان کے روزگار کو کس طرح متاثر کرے گا۔

Tweet URL

انہوں نے بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت تمام فریقین کی ذمہ داریوں کو واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرحد کے متوازی بلیو لائن کے شمال میں اسرائیلی فوج کی کوئی بھی سرگرمی قرارداد 1701 کی خلاف ورزی ہے۔

تحقیقات کا مطالبہ 

ادارے کے ترجمان ثمین الخیتان نے کہا ہے کہ کہ ان اطلاعات کی مزید تحقیقات ضروری ہیں تاکہ اس علاقے میں گرائے جانے والے کیمیائی مادوں کی نوعیت جانچی جا سکے۔ زرعی زمینوں اور پانی کے ذرائع پر حملے سنگین انسانی خطرہ پیدا کرتے ہیں۔ 

لبنانی حکام کے حوالے سے آنے والی اطلاعات کے مطابق، اسرائیلی فوج نے اس علاقے میں ہربیسائڈ گلائفوسیٹ چھڑکا اور جن علاقوں میں گھنی نباتات موجود تھیں وہاں سے لیے گئے نمونوں میں اس کی مقدار تجویز کردہ حد سے 20 سے 30 گنا زیادہ پائی گئی۔

ہزاروں افراد کی بیدخلی 

ثمین الخیطان نے مقبوضہ مغربی کنارے کے حالات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی نئی کارروائیاں اور آبادکاری کے منصوبے ایک قابل عمل فلسطینی ریاست کے قیام کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

گزشتہ برس سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں ہزاروں فلسطینیوں کو زبردستی بے گھر کیا جا چکا ہے۔ اس میں تین پناہ گزین کیمپ بھی شامل ہیں جو اسرائیل کی عسکری کارروائی 'آئرن وال' سے متاثر ہوئے جس کے نتیجے میں جنین، طولکرم اور نور شمس کے کیمپوں سے 32 ہزار سے زیادہ لوگوں کو بیدخل کیا گیا۔ یہ لوگ تاحال اپنے گھروں کو واپس نہیں لوٹ سکے جبکہ اسرائیلی افواج نے ان میں بہت سے گھروں کو تباہ کر دیا ہے۔

آباد کاروں کا تشدد

ادارے نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی آبادکاروں کا تشدد بھی جاری ہے جو اقوام متحدہ کے مطابق، اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی حمایت اور شمولیت سے ہو رہا ہے جبکہ اسرائیلی بستیاں بین الاقوامی قانون کے خلاف غیر معمولی رفتار سے پھیل رہی ہیں۔

دسمبر میں اسرائیلی حکام نے فلسطینی شہری مراکز مشرقی یروشلم، رام اللہ اور بیت اللحم کے درمیان واقع علاقے میں 3,000 سے زیادہ نئے رہائشی یونٹوں کی تعمیر کے لیے ٹینڈر طلب کیے تھے۔ علاوہ ازیں ’ای ون‘ علاقے میں آباد کاری کا منصوبہ شمالی اور جنوبی مغربی کنارے کو مشرقی یروشلم سے الگ کر دے گا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقوں میں تمام اسرائیلی آبادیاں ختم کی جانی چاہئیں اور آبادکاری کی تمام سرگرمیاں فوری طور پر بند ہونی چاہئیں۔