یو این پولیس امن کاری آپریشن کے لیے ناگزیر، ژاں پیئر لاکوا
امن کاری کے لیے اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل ژاں پیئر لاکوا نے سلامتی کونسل کو بتایا ہے کہ ادارے کی پولیس کا امن کارروائیوں میں اہم کردار ہے اور کثیرالجہتی نظام کو درپیش غیرمعمولی دباؤ کے حالات میں اس کی اہمیت کہیں بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے امن کارروائیوں میں پولیس کے شعبوں کے سربراہوں کی سلامتی کونسل کو دی جانے والی سالانہ بریفنگ کے موقع پر کہا کہ اقوام متحدہ کی پولیس کو مزید تعاون کی ضرورت ہے۔ امن کاری کے لیے درکار مالی وسائل میں کمی آ رہی ہے لیکن اس کے باوجود یہ پولیس اہلکار لگن، پیشہ وارانہ مہارت اور جرات سے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہیں مسلسل عدم تحفظ، سیاسی عدم استحکام اور بڑھتے ہوئے خطرات والے ماحول میں کام کرنا پڑتا ہے۔ امن مشن مقامی آبادی سے رابطے، ادارہ جاتی اصلاحات اور مجرمانہ و بین العلاقائی تشدد کی روک تھام کے لیے اقوام متحدہ کی پولیس (یو این پول) پر انحصار کرتے ہیں جبکہ کم وسائل میں زیادہ کام کی توقع کے سبب ان کی ذمہ داری اور بھی اہم ہو گئی ہے۔
مالی وسائل کی ضرورت
سلامتی کونسل کا یہ اجلاس اقوام متحدہ کے اصلاحاتی پروگرام یو این 80 اور ادارے نظام کو درپیش شدید مالی بحران کے تناظر میں بھی منعقد ہوا جس کے باعث امن کاری کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اس صورتحال میں اخراجات کم کرنے کے اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں امن مشن سویلین عملے میں کمی اور فوجی و پولیس اہلکاروں کی واپسی شامل ہے۔
انڈر سیکرٹری جنرل نے کہا کہ امن کارروائیوں کا موثر ہونا ضروری ہے جس کے لیے مالی وسائل درکار ہیں۔ سیکرٹری جنرل بارہا واضح کر چکے ہیں کہ اگر رکن ممالک اپنی واجب الادا رقوم مکمل اور بروقت ادا نہیں کرتے تو امن کاروں کی اپنے فرائض انجام دینے کی صلاحیت بری طرح متاثر ہو گی۔
خواتین، امن اور سلامتی کا ایجنڈا
انہوں نے تجدید شدہ 'ایکشن فار پیس کیپنگ پلس' (اے 4 پی پلس) اقدام پر بھی روشنی ڈالی جو امن مشنوں کی تاثیر بہتر بنانے کے لیے بنیادی فریم ورک کی حیثیت رکھتا ہے۔
اس کے سات ترجیحی شعبوں میں پائیدار امن کے لیے سیاسی طریقہ کار کو مرکزی حیثیت دینا، تزویراتی اور عملی سطح پر ہم آہنگی کو مضبوط بنانا، امن مشن کی صلاحیتوں اور طرز فکر میں سرمایہ کاری اور میزبان ممالک کی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کو بہتر کرنا شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان تمام ترجیحات کے ساتھ خواتین، امن اور سلامتی کا ایجنڈا مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔ اگرچہ اقوام متحدہ کی پولیس (یو این پول) میں خواتین کی شمولیت اور قیادت میں اضافے کے حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے تاہم یہ پیش رفت خصوصاً بجٹ میں کٹوتیوں کے تناظر میں اب بھی کمزور ہے۔
امن کاری میں تعاون کے وعدے
انہوں نے بتایا کہ کہ 2025 میں برلن میں امن کاری سے متعلق وزارتی اجلاس میں امن کارروائیوں کے لیے سیاسی عزم کی تجدید کی گئی۔
اس اجلاس میں رکن ممالک کی جانب سے ریکارڈ تعداد میں شرکت دیکھنے میں آئی اور بامعنی وعدے بھی کیے گئے جن میں مشن کے حوالے سے خصوصی کردار، فوری تعیناتی اور تربیت فراہم کرنے کی یقین دہانی شامل تھی۔
یہ وعدے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے نہایت اہم ہیں کہ اقوام متحدہ کی پولیس سرحد پار منظم جرائم، سائبر جرائم، موسمیاتی تبدیلی سے جڑی عدم تحفظ کی صورتحال اور نئی ٹیکنالوجی کے غلط استعمال جیسے ابھرتے ہوئے خطرات کا مؤثر جواب دینے کے لیے تیار ہو۔
ژاں پیئر لاکوا نے کونسل کو بتایا کہ اس بریفنگ کا مقصد نہ صرف پیش رفت کا جائزہ لینا ہے بلکہ اجتماعی عزم کی تجدید بھی ہے۔ یہ یقینی بنانا ہوگا کہ مشن کی ذمہ داریوں کی مطابقت سے وسائل فراہم کیے جائیں اور امن کارروائیوں کے گرد سیاسی اتحاد برقرار رہے۔