انسانی کہانیاں عالمی تناظر

ہولوکاسٹ: انسانیت کی مشترکہ اقدار کے لیے متحد ہونا اہم، وولکر ترک

پولینڈ میں سابقہ آشوٹز برکناؤ حراستی مرکز پر متاثرین کی یاد میں پھول رکھے ہوئے ہیں۔
Unsplash/Jean Carlo Emer پولینڈ میں سابقہ آشوٹز برکناؤ حراستی مرکز پر متاثرین کی یاد میں پھول رکھے ہوئے ہیں۔

ہولوکاسٹ: انسانیت کی مشترکہ اقدار کے لیے متحد ہونا اہم، وولکر ترک

انسانی حقوق

دوسری عالمی جنگ میں یہودیوں کے قتل عام (ہولوکاسٹ) کی یاد میں منائے جانے والے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے دنیا پر زور دیا ہے کہ وہ صرف ماضی کی طرف نہ دیکھے بلکہ اپنے حال پر بھی غور کرے اور مستقبل کو ایسے مظالم سے محفوظ بنائے۔

ہائی کمشنر نے حالیہ برسوں کے دوران یہود دشمنی میں تشویشناک اضافے اور سڈنی و مانچسٹر میں یہودی برادری کو نشانہ بنانے جیسے واقعات پر تبصرہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ نفرت اور غیر انسانی رویے روزمرہ زندگی میں سرایت کر رہے ہیں۔

انہوں نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ ہولوکاسٹ کے اسباق کو یاد رکھیں جس میں نازیوں اور ان کے اتحادیوں نے 60 لاکھ یہودیوں کو قتل کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ نسل کشی حراستی کیمپوں اور گیس چیمبروں سے شروع نہیں ہوئی تھی بلکہ ناانصافی کے سامنے بے حسی و خاموشی اور دوسروں کو انسان نہ سمجھنے کے زہریلے عمل سے اس کا آغاز ہوا تھا۔

27 جنوری کو منایا جانے والا یہ دن 81 برس قبل دوسری عالمی جنگ کے اختتام سے کچھ پہلے اتحادی افواج کی جانب سے آشوٹز-برکیناؤ عقوبت خانے سے لوگوں کو آزاد کرانے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ جنگ کے دوران اس جگہ 10 لاکھ سے زیادہ یہودیوں کو قتل کیا گیا تھا۔ 

'وقار اور انسانی حقوق کے لیے ہولوکاسٹ کی یاد' امسال اس دن کا خاص موضوع ہے۔ 

عدم امتیاز اور اتحاد کی ضرورت 

ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ ایسے قوانین بنانے کی ضرورت ہے جو امتیاز کو ممنوع قرار دیں اور ایسے سیاستدان درکار ہیں جو اختلافات کو ابھار کر لوگوں میں تقسیم پیدا نہ کریں بلکہ ناانصافی کی نشاندہی کر کے لوگوں کو متحد کریں۔

انسانیت کو اس کے تاریک ترین ادوار جیسے واقعات سے بچانے کے لیے ہولوکاسٹ سے متعلق تعلیم، ہر عمر کے افراد کے لیے انسانی حقوق بارے آگاہی اور ڈیجیٹل مواد کو معتدل رکھنے کے لیے مضبوط اور جامع نظام درکار ہیں تاکہ لوگ بلاخوف اپنے خدشات کا اظہار کر سکیں۔

برتری اور تعصب کی سوچ کا انسداد 

وولکر ترک نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون، مصدقہ معلومات تک بے مثال رسائی اور اخراج سے تباہی جنم لینے کے احساس کو بروئے کار لاکر نسل پرستی، یہود دشمنی اور غیر انسانی رویوں کی وبا کے خلاف عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

ہر جگہ تمام لوگوں کو متحد ہو کر برتری کے نظریات اور تعصب کو للکارنا ہو گا۔ ہر فرد ایک ایسی دنیا کا معمار بن سکتا ہے جو امتیاز اور عدم برداشت سے پاک ہو۔

انہوں نے دوسری عالمی جنگ میں یہود مخالف مظالم کا سامنا کرنے والی این فرینک کے الفاظ کو دہراتے ہوئے اور چند ہفتے قبل انتقال کر جانے والی ان کی سوتیلی بہن ایوا شلوس کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو بہتر جگہ بنانے کے لیے کسی کو ایک لمحہ بھی انتظار کرنے کی ضرورت نہیں۔

اقوام متحدہ کی تقریبات

  • اقوام متحدہ میں ہولوکاسٹ کی یادگاری تقریب بوقت 11 بجے دن بمقام جنرل اسمبلی ہال، اقوام متحدہ کا صدر دفتر، نیویارک
  • زندگی اور موت کے درمیان (نمائش): ہولوکاسٹ کے دوران بچاؤ کی داستانیں 15 جنوری تا 20 فروری 2026 بمقام وزیٹرز لابی، اقوام متحدہ کا صدر دفتر، نیویارک
  • ہولوکاسٹ کی یاد (نمائش): سچائی سے وابستگی 15 جنوری تا 8 فروری 2026 بمقام وزیٹرز لابی، اقوام متحدہ کا صدر دفتر، نیویارک
  • جنیوا: ہولوکاسٹ کی یادگاری تقریب بوقت 11 بجے دن (وسطی یورپ ٹائم زون) بمقام پیلے دے نیشن