انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یوکرین پر روسی حملوں کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، یو این اعلیٰ اہلکار

یوکرائن کے شہر بورسپل میں بے گھر افراد کے لیے ایک کھانے کی ٹرک میں فوڈ فار بارڈرز کا ایک انسانی امدادی کارکن شدید سردیوں کے موسم میں گرم کھانا تیار کرتا ہے۔
© UNOCHA/Ximena Borrazas
یوکرین کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ کار میتھائس (بائیں جانب سے دوسرے) شمل ضرورتمندوں میں کھانا تقسیم کرنے کے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

یوکرین پر روسی حملوں کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، یو این اعلیٰ اہلکار

امن اور سلامتی

یوکرین کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ کار میتھائس شمل نے گزشتہ رات روس کی جانب سے کیے گئے بڑے پیمانے پر ڈرون اور میزائل حملوں کی سخت مذمت کی ہے جن میں متعدد شہری ہلاک و زخمی ہوئے اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔

اطلاعات کے مطابق، ملک کے کئی شہروں پر ہونے والے ان حملوں میں تقریباً 400 ڈرون استعمال کیے گئے جنہوں نے گنجان علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد شدید سردی میں بجلی، حرارت اور پانی سے محروم ہو گئے ہیں۔

ملک میں درجہ حرارت منفی 20 ڈگری سیلسیئس تک گر چکا ہے۔ بہت سے معمر اور معذور افراد بلند و بالا رہائشی عمارتوں میں اپنے گھروں تک محدود ہیں جہاں نہ بجلی ہے اور نہ ہی حرارت۔ ان حالات میں لوگ نہ تو کھانا تیار کر سکتے ہیں اور نہ ہی انہیں فون چارج کرنے جیسی بنیادی سہولت ہی میسر ہے۔

یہ حملے اس وقت کیے گئے جب متحدہ عرب امارات میں روس، یوکرین اور امریکہ کے وفود کے مابین امن مذاکرات جاری تھے۔

10 لاکھ افراد بجلی سے محروم 

مشرقی شہر خارکیئو پر حملوں میں محاذ جنگ کے قریبی علاقوں سے فرار ہو کر آنے والے بے گھر افراد کے لیے قائم ہاسٹل پر گولہ باری کی گئی۔ علاوہ ازیں، ایک ہسپتال اور کئی رہائشی عمارتیں بھی حملوں کانشانہ بنیں۔ 

روس کی اس کارروائی میں دارالحکومت کیئو کی ہزاروں رہائشی عمارتیں ایک مرتبہ پھر بجلی سے محروم ہو گئیں جہاں چند روز قبل ہونے والے حملوں کے بعد توانائی کا نظام بمشکل بحال کیا گیا تھا۔ چرنیئو شہر میں بجلی کا نظام مکمل طور پر خراب ہو گیا جبکہ گرد و نواح کے علاقوں میں بھی لاکھوں خاندان متاثر ہوئے۔ 

اطلاعات کے مطابق، پورے ملک میں 10 لاکھ سے زیادہ لوگ بجلی سے محروم ہیں جن میں سے تقریباً آٹھ لاکھ صرف کیئو میں رہتے ہیں۔

رابطہ کار نے کہا ہے کہ توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر اس منظم انداز میں کیے جانے والے حملے بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہیں اور انہیں فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔ یوکرین  کے شہریوں کو اپنے گھروں میں امن اور سکون سے زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔