انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یو این ڈی پی کا سیکڑوں ملازمین کو سپین اور جرمنی بھیجنے کا اعلان

media:entermedia_image:cd22cc5a-d43d-44df-8100-2331fab51a63
UNFCCC
جرمنی کے شہر بون میں اقوام متحدہ کی عمارت۔

یو این ڈی پی کا سیکڑوں ملازمین کو سپین اور جرمنی بھیجنے کا اعلان

اقوام متحدہ کے امور

اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) نے امریکہ کے شہر نیویارک میں واقع اپنے ہیڈکوارٹر میں بیشتر ملازمتوں کو جرمنی اورسپین میں منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ادارے نے اس اقدام کا فیصلہ بدلتے مالی و ترقیاتی حالات سے ہم آہنگ ہونے، شراکتوں کو مضبوط کرنے اور دنیا کے کمزور ترین افراد کو مدد پہنچانے کی صلاحیت کو مزید موثر بنانے کے لیے کیا ہے۔ اس منتقلی کے نتیجے میں تقریباً 400 عہدے متاثر ہوں گے جن میں سے لگ بھگ تین چوتھائی جرمنی کے شہر بون میں منتقل کیے جائیں گے جبکہ ایک چوتھائی عہدے سپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں منتقل کیے جانا ہیں۔

اس طرح بون میں 'یو این ڈی پی' کی مجموعی موجودگی 400 سے زیادہ عہدوں تک پہنچ جائے گی۔ یہ شہر پہلے ہی اقوام متحدہ کے رضاکاروں کے پروگرام (یو این وی) کا مرکز ہے جو 'یو این ڈی پی' کا حصہ ہے۔

میزبان ممالک کا شکریہ

'یو این ڈی پی' نے ادارے کو میزبانی کی پیشکش پر جرمنی اور سپین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منتقلی سے ان ممالک کے ساتھ قریبی تعاون میں مزید اضافہ ہو گا۔ ادارہ غربت کے خاتمے، عدم مساوات میں کمی لانے، ماحول کے تحفظ، بحرانوں سے نمٹنے اور بحالی کی کوششوں سمیت اپنی بنیادی ذمہ داریوں کی تکمیل کرنا جاری رکھے گا۔

اقوام متحدہ کا ترقیاتی پروگرام  تقریباً 170 ممالک اور علاقوں میں کام کر رہا ہے جس کا مجموعی عملہ تقریباً 22 ہزار افراد پر مشتمل ہے۔ ان میں بیشتر یعنی 19 ہزار سے زیادہ لوگ ملکی دفاتر اور علاقائی مراکز میں خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ سات فیصد سے بھی کم عملہ نیویارک اور دیگر مقامات پر کام کر رہا ہے۔

لوگوں کی قربت

تاہم نیویارک بدستور یو این ڈی پی کاعالمی ہیڈکوارٹر رہے گا۔ رواں سال کے آغاز پر بھی اس شہر سے 30 عہدے افریقہ، لاطینی امریکا و غرب الہند، عرب ممالک، وسطی یورپ اور ایشیا و بحرالکاہل میں واقع اپنے علاقائی دفاتر منتقل کیے تھے تاکہ عملے کو ان لوگوں کے زیادہ قریب رکھا جا سکے جن کی وہ خدمت کر رہے ہیں۔