پاکستان: کراچی شاپنگ مال میں آتشزدگی اور ہلاکتوں پر یو این کا اظہار افسوس
پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کو آرڈینیٹر محمد یحییٰ نے صوبہ سندھ کے شہر کراچی کے شاپنگ مال میں آتشزدگی سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس افسوسناک واقعے میں اپنے عزیزوں کو کھونے والوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ اس سانحے میں لوگوں کی جان بچانے والے امدادی کارکن شکریے اور ستائش کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کو مدد پہنچائی۔
پاکستان میں عالمی ادارہ محنت (آئی ایل او) کے نمائندے جیئر ٹونسٹول نے بھی اس واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور ان محنت کشوں اور چھوٹے کاروباروں کے لیے تشویش کا اظہار کیا ہے جن کے روزگار اس سانحے سے متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس دلخراش واقعے سے اندازہ ہوتا ہے کہ کام کی غیر محفوظ جگہوں اور عمارتوں کو لاحق خطرات کی کس قدر بھاری انسانی قیمت چُکانا پڑتی ہے اور ایسے حادثات خاندانوں، معاشروں اور مقامی معیشتوں پر سنگین اور دیرپا اثرات مرتب کرتے ہیں۔
جیئر ٹونسٹول نے کہا ہے کہ 'آئی ایل او' ملکی ترجیحات کے مطابق پاکستان کی معاونت کے لیے تیار ہے تاکہ کام کی جگہوں پر تحفظ، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری اور سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنایا جائے اور محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ یقینی ہو سکے۔
کم از کم 22 ہلاک، درجنوں لاپتہ
ہفتے کی شب کراچی کے علاقے صدر میں واقع تین منزلہ شاپنگ سنٹر گل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد حکام نے 22 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی ہے جبکہ درجنوں افراد لاپتہ ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق، ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ اور آگ بجھانے والے عملے کا ایک رکن بھی شامل ہے۔
متاثرہ عمارت میں تقریباً ایک ہزار دکانیں قائم تھیں جہاں اطلاعات کے مطابق رات 10 بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کے وقت عمارت کے بیشتر دروازے بند تھے جس کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی اور بہت سے لوگوں کو بروقت باہر نکلنے کا موقع نہ مل سکا۔
آگ اس قدر شدید تھی کہ چند گھنٹوں میں عمارت کا بیشتر حصہ منہدم ہو گیا۔ جائے حادثہ پر آگ بجھانے اور لاپتہ افراد کی تلاش کی کارروائیاں جاری ہیں۔