یو این جنرل اسمبلی کی 80 ویں سالگرہ کے لیے گوتیرش لندن پہنچ گئے
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش لندن پہنچ گئے ہیں جہاں وہ ادارے کی جنرل اسمبلی کے پہلے اجلاس کی 80ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے۔ جنرل اسمبلی کا یہ پہلا اجلاس 1946 میں برطانوی دارالحکومت میں منعقد ہوا تھا۔
سیکرٹری جنرل نے برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر سٹارمر سے ملاقات بھی کی ہے جس میں انہوں نے کثیرالفریقی نظام کی مسلسل حمایت اور اقوام متحدہ میں برطانیہ کے فعال کردار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان یوکرین کی جنگ، سوڈان، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور اقوام متحدہ میں اصلاحات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
سیکرٹری جنرل نے لندن کے میئر صادق خان سے بھی ملاقات کی جس میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں شہروں کے کردار پر گفتگو ہوئی۔
جنرل اسمبلی کے 80 سال
سیکرٹری جنرل آج برطانیہ کی اقوام متحدہ ایسوسی ایشن (یو این اے۔یوکے) کی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ یہ کانفرنس لندن کے میتھوڈسٹ سنٹرل ہال میں منعقد ہو گی جہاں 1946 میں جنرل اسمبلی کا پہلا اجلاس ہوا تھا۔
اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے نیویارک میں صحافیوں کو بتایا ہے کہ 'جنرل اسمبلی کے 80 برس: 1946 سے ہمارے مستقبل تک' کے موضوع کے تحت بات کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل بتائیں گے کہ دنیا کو مزید منصفانہ بنانے کے لیے ضروری ہے کہ بین الاقوامی نظام آج کی حقیقتوں کی عکاسی کرے جس میں سلامتی کونسل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور غیر منصفانہ عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات بھی شامل ہیں۔
سیکرٹری جنرل یہ بھی کہیں گے کہ ایسے وقت میں جب کثیرالفریقی اقدار کو کمزور کیا جا رہا ہے، دنیا کو ہر جگہ سول سوسائٹی کے ایسے کردار اور تحریکوں کی ضرورت ہے جو بے خوف اور ثابت قدم ہوں اور عالمی رہنماؤں کو بہتری کی جانب عملی اقدامات کے لیے مجبور کریں۔