انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یو این ادارے وطن لوٹنے والے شامی مہاجرین کی مدد کے لیے پرعزم

media:entermedia_image:a6769a7d-1db5-401e-9ab7-afea7adb8671
© UNHCR/Ximena Borrazas
شامی تارکین وطن سرحدی علاقے مصنع کے راستے لبنان سے وطن واپس لوٹ رہے ہیں (فائل فوٹو)۔

یو این ادارے وطن لوٹنے والے شامی مہاجرین کی مدد کے لیے پرعزم

مہاجرین اور پناہ گزین

اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام نے اردن، شام اور لبنان کے مشترکہ دورے کے بعد اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ گھروں کو واپس لوٹنے والے اور خطے کے میزبان ممالک میں مقیم شامی شہریوں کے لیے مربوط اور موثر امدادی تعاون کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

اس دورے میں پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایچ سی آر)، عالمی پروگرام برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) اور یونیسف کے علاقائی سربراہوں نے حکومتوں کے نمائندوں، عطیہ دہندگان اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں کیں تاکہ لوگوں کی ضروریات کا جائزہ لیا جا سکے، مدد کی فراہمی کے حوالے سے درکار اقدامات کی نشاندہی ہو اور امداد کو بہتر ہم آہنگی اور تاثیر کے ساتھ وسعت دینے کے امکانات تلاش کیے جا سکیں۔

اقوام متحدہ کے حکام کا کہنا تھا کہ شام کے اندر حالات میں بہتری لانا رضاکارانہ، محفوظ اور باعزت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے نہایت ضروری ہے جبکہ میزبان ممالک میں ان لوگوں کے لیے مسلسل معاونت پناہ گزین خاندانوں کو اپنے مستقبل کے بارے میں آگاہی پر مبنی فیصلے کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایک دہائی سے زیادہ عرصہ تک پناہ گزین رہنے کے بعد تقریباً 30 لاکھ شامی شہری اندرون و بیرون ملک سے اپنے علاقوں میں واپس آ چکے ہیں جبکہ اب بھی تقریباً 45 لاکھ افراد ہمسایہ ممالک میں مقیم ہیں۔