ایران: مظاہروں کے دوران بچوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے، یونیسف
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے ایران میں جاری عوامی احتجاج کے دوران بچوں اور نوجوانوں کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاعات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے یونیسف کے ریجنل ڈائریکٹر ایڈورڈ بیگبیڈر نے کہا ہے کہ ادارے کو ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں سے ہمدردی ہے۔ یونیسف تمام بچوں کو ہر قسم کے تشدد اور نقصان سے محفوظ رکھنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ بچوں کو ایسے کسی بھی عمل سے بچایا جانا چاہیے جو ان کی جان، آزادی یا ذہنی و جسمانی صحت کو خطرے میں ڈالے۔
انہوں نے ایرانی حکام، احتجاج میں شامل افراد اور دیگر لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔ سکیورٹی فورسز کو غیر ضروری یا غیر متناسب طاقت کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے اور بچوں کو ایسے حالات میں نہیں ہونا چاہیے جس سے انہیں خطرات لاحق ہوں یا ان کی آزادی سلب ہو جائے۔
یونیسف نے واضح کیا ہے کہ بین الاقوامی کنونشن برائے حقوق اطفال کے مطابق، ہر بچے کے حق زندگی کا احترام کرنا اور اسے یقینی بنایا جانا لازم ہے۔