انسانی کہانیاں عالمی تناظر

روس نے یوکرین پر ایٹمی بم گرانے کی صلاحیت رکھنے والا میزائل داغ دیا

یوکرین میں ایک سفید کار تباہ شدہ گلی میں ڈرائیونگ کرتی ہے، جس کے اطراف بھاری بمباری والے اپارٹمنٹ کی عمارتیں ہیں جن کی کھڑکییں ٹوٹ گئیں ہیں اور اس کے سامنے جلنے والی دیواریں ہیں۔
©WFP/Sayed Asif Mahmud
جنگ میں تباہ حال یوکرین کا ایک علاقہ۔

روس نے یوکرین پر ایٹمی بم گرانے کی صلاحیت رکھنے والا میزائل داغ دیا

امن اور سلامتی

یوکرین میں گزشتہ رات بڑے پیمانے پر روس کے ڈرون اور میزائل حملوں میں توانائی کے نظام کو نقصان پہنچنے سے لاکھوں لوگ بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ ان حملوں میں ایک ایسا میزائل بھی داغا گیا جو جوہری بم لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

حملوں میں دارالحکومت کیئو سے کم از کم چار افراد کی ہلاکت اور 25 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جبکہ شدید سرد موسم کے دوران شہر کی ہزاروں رہائشی عمارتیں حرارت سے محروم ہو گئیں۔

Tweet URL

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق، حملے کے متاثرین میں ایک طبی کارکن بھی شامل تھا جو ہنگامی طبی خدمات فراہم کرنے والی ٹیم کے ساتھ دوسروں کی جان بچاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔ اس کارروائی میں چار طبی کارکن زخمی ہوئے اور تین ایمبولینس گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

'ڈبلیو ایچ او' کے مطابق، رواں سال اب تک صحت کے شعبے پر نو حملے ریکارڈ کیے گئے ہیں جن میں دو افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے۔

یونیسف کی امدادی اپیل

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بتایا ہے کہ یوکرین بھر میں کیے گئے ان حملوں میں مبینہ طور پر تین بچے زخمی ہوئے۔ ادارے نے کہا ہے کہ وہ توانائی کے نظام کو مضبوط بنانے میں مدد دے رہا ہے تاکہ مرمت کا کام ممکن ہو سکے اور بچوں سمیت شہریوں کے لیے اہم خدمات جاری رہیں۔

گزشتہ ماہ یونیسف نے رواں سال یوکرین میں انسانی امداد کی فراہمی کے لیے 350 ملین ڈالر کی اپیل جاری کی تھی جس کا مقصد 43 لاکھ افراد کی مدد کرنا ہے جن میں 7 لاکھ 25 ہزار بچے بھی شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ دفتر (اوچا) کے مطابق، وسطی یوکرین کے شہر کریوی ریہ میں امدادی کارکنوں نے متاثرہ شہریوں میں تیار کھانا تقسیم کیا ہے جبکہ تباہ شدہ عمارتوں کو عارضی طور پر ڈھانپنے کے لیے تعمیراتی سامان بھی فراہم کیا گیا۔ 

سنگین انسانی صورتحال

پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے(یو این ایچ سی آر)کی ترجمان الزبتھ ہاسلنڈ نے یو این نیوز کو بتایا ہے کہ رواں ہفتے شمال مشرق میں خارکیئو، مشرق میں نیپرو اور جنوب مشرق میں کیرسون پر بڑے فضائی حملے کیے گئے۔ جنگ، شدید حملوں، سرد موسم اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنائے جانے کے باعث یوکرین میں انسانی صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے۔

'یو این ایچ سی آر' اور اس کے مقامی شراکت دار لوگوں کو ہنگامی امداد فراہم کر رہے ہیں جس میں متاثرہ خاندانوں کے لیے پناہ کا سامان، نفسیاتی و سماجی معاونت، مشاورت اور ان لوگوں کے لیے قانونی مدد شامل ہے جن کی اہم دستاویزات ضائع ہو گئی ہیں یا جنہیں معاوضے کے حصول میں مدد درکار ہے۔