انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یوکرین: اوڈیسا پر روسی حملوں میں کئی شہری ہلاک، شہری تنصیبات تباہ

media:entermedia_image:450c60c3-881a-4201-a485-447b0f7fade5
© UNOCHA/Alina Basiuk
جنوبی یوکرین میں بحیرہ اسود کا ساحلی شہر اوڈیسا روسی حملوں کا مسلسل نشانہ ہے (فائل فوٹو)۔

یوکرین: اوڈیسا پر روسی حملوں میں کئی شہری ہلاک، شہری تنصیبات تباہ

امن اور سلامتی

یوکرین کے متعدد علاقوں پر روس کے نئے حملوں میں متعدد شہری ہلاک و زخمی ہوئے ہیں جبکہ بجلی و پانی کی تنصیبات کو نقصان پہنچنے سے بڑے پیمانے پر آبادی متاثر ہوئی ہے۔

ملک میں اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ کار میتھائس شمالے نے بتایا ہے کہ بدھ اور جمعرات کی صبح کے درمیان ہونے والے ان حملوں میں ساحلی شہر اوڈیسا میں کئی شہری ہلاک اور زخمی ہوئے جبکہ بنیادی خدمات میں خلل آیا۔ نیپرو اور ژیپوریژیا میں بھی شہری تنصیبات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے جہاں موبائل مواصلاتی نظام اور برقی ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہوئی اور نیپرو میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا۔

Tweet URL

گزشتہ چند ہفتوں کے دوران شدید سردی کے موسم میں روس کی کارروائیوں میں درجنوں شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے اور گھروں کو گرم رکھنے کا نظام ناکارہ ہو گیا ہے۔

مہلک ترین حملے

رابطہ کار نے کہا ہے کہ ان حملوں نے کمزور طبقات کو کہیں زیادہ خطرے میں ڈال دیا ہے جن میں معمر افراد، بیمار لوگ اور بچوں والے خاندان شامل ہیں۔

توانائی کے مراکز پر حملوں کے باعث نیپرو اور ژیپوریژیا میں اندازاً 20 لاکھ افراد کو بجلی، حرارت اور پانی کی محدود سہولت میسر ہے۔ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت شہریوں اور شہری تنصیبات کا تحفظ لازم ہے۔ لوگوں کو اپنے گھروں میں محفوظ ہونا چاہیے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ کریوی ری اور نیپرو میں ہونے والے حالیہ حملے 2022 میں تنازع کے آغاز کے بعد ان علاقوں میں سب سے بڑے اور مہلک حملوں میں شامل تھے۔

اقوام متحدہ کا امدادی کردار 

اقوام متحدہ کے 20 سے زیادہ پروگرام اور ادارے یوکرین میں سرگرم ہیں جو اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر لوگوں کو ہنگامی امداد، موسم سرما میں درکار سامان اور گرم کمبل فراہم کر رہے ہیں، حرارتی مراکز قائم کرنے میں مدد دے رہے ہیں اور ملک میں حالات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ان میں سب سے حساس اور اہم مشن ایٹمی توانائی کے بین الاقوامی ادارے (آئی اے ای اے) کا ہے جو یوکرین کی جوہری تنصیبات کی سلامتی کو مستحکم بنانے اور کسی ممکنہ حادثے کو روکنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ کا ادارہ برائے اطفال (یونیسف) یوکرینی عوام کو تعلیم، ماں اور بچے کی صحت، نفسیاتی و سماجی معاونت اور دیگر خدمات تک رسائی میں مدد فراہم کر رہا ہے۔

رواں ہفتے کے آغاز میں اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک و زراعت (ایف اے او) نے ہنگامی امدادی اقدامات اور ابتدائی بحالی کا منصوبہ جاری کیا ہے جس کا مقصد دیہی خاندانوں، خصوصاً چھوٹے کسانوں کو پائیدار غذائی پیداوار بحال کرنے میں مدد فراہم کرنا اور مجموعی طور پر یوکرین کے زرعی شعبے کو سہارا دینا ہے۔

امدادی اقدامات کی مجموعی نگرانی اور ہم آہنگی اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ دفتر (اوچا) کے ذمے ہے جو زمینی صورتحال پر روزانہ کی بنیاد پر تازہ ترین معلومات بھی فراہم کرتا ہے۔