انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یو این امدادی ادارے پر بڑھتی اسرائیلی پابندیاں قابل مذمت، یو این چیف

غزہ شہر میں UNRWA کے کارکن غذائی قلت کے شکار بچے کی اسکریننگ کر رہے ہیں۔
© UNRWA انروا کا طبی عملہ لوگوں کی دیکھ بھال میں مصروف عمل۔

یو این امدادی ادارے پر بڑھتی اسرائیلی پابندیاں قابل مذمت، یو این چیف

انسانی امداد

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے امدادی ادارے (انروا) کی سرگرمیاں ختم کرنے کے لیے اسرائیلی پارلیمان (کنیسٹ) کی جانب سے بنائے گئے قانون میں ترامیم کی مذمت کی ہے جن کے تحت ادارے کے لیے اپنا کام کرنا مزید مشکل ہو جائے گا۔ 

سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک کی جانب سے ان ترامیم کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کا مقصد 'انروا' کی اپنے مینڈیٹ کے تحت کام کرنے اور اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی صلاحیت کو مزید متاثر کرنا ہے۔ یہ قانون اور اس میں کی گئی ترامیم بین الاقوامی قانون سے مطابقت نہیں رکھتے لہٰذا انہیں فوری طور پر منسوخ کیا جانا چاہیے۔

Tweet URL

ترجمان نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور ادارے کو حاصل استحقاق و استثنیٰ سے متعلق کنونشن کے تحت اسرائیل کو اس کی ذمہ داریاں یاد دلاتے ہوئے کہا ہے کہ انروا اقوام متحدہ کا لازمی اور اٹوٹ حصہ ہے۔ انروا، اس کی املاک اور اثاثوں نیز اس کے اہلکاروں اور دیگر عملے پر بھی اس کنونشن کا اطلاق ہوتا ہے اور اس کے زیراستعمال املاک ناقابل دست اندازی ہیں۔

قراردادیں اور مشاورتی رائے

سیکرٹری جنرل نے مزید کہا ہے کہ 22 اکتوبر 2025 کو عالمی عدالت انصاف کی جانب سے جاری کردہ مشاورتی رائے میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا تھا کہ اسرائیل پر یہ لازم ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اور اس کے حوالے سے اقوام متحدہ بشمول انروا اور اس کے عملے کو حاصل مراعات اور استثنیٰ کا مکمل احترام یقینی بنائے۔

انہوں نے انروا کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ ادارہ غزہ اور خطے کے دیگر حصوں میں فلسطینی عوام کو بنیادی خدمت پہنچانے میں ناگزیر کردار ادا کر رہا ہے اور غزہ میں اس کا امدادی کام سلامتی کونسل کی قرارداد (2025) 2803  اور اس تنازع کے خاتمے کے جامع منصوبے پر عملدرآمد میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔