شراب نوشی سے ہونے والی ہلاکتوں میں مردوں کی بھاری اکثریت، رپورٹ
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بتایا ہے کہ شراب نوشی سالانہ لاکھوں اموات کا سبب بنتی ہے اور 20 سے 39 سال کی عمر کے لوگ اس کے استعمال سے غیر متناسب طور پر متاثر ہوتے ہیں۔
شراب کے استعمال اور اس کے نقصانات سے متعلق 'ڈبلیو ایچ او' کے جاری کردہ حقائق نامے میں کہا گیا ہے کہ 2019 میں 26 لاکھ اموات شراب نوشی کے براہ راست اور بالواسطہ اثرات کا نتیجہ تھیں جن میں مردوں کی تعداد 20 لاکھ اور خواتین کی 6 لاکھ ریکارڈ کی گئی۔
فی ایک لاکھ آبادی میں شراب سے متعلق اموات کی بلند ترین شرح ادارے کے یورپی اور افریقی خطوں میں ریکارڈ کی گئی جو بالترتیب 52.9 اور 52.2 رہی۔ شراب نوشی کے باعث سب سے زیادہ (13 فیصد) اموات ایسے نوجوانوں کی ہوئیں جن کی عمر 20 سے 39 سال کے درمیان تھی۔
اندازاً 15 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 40 کروڑ افراد شراب کے استعمال سے پیدا ہونے والے جسمانی عوارض کا شکار جبکہ 20 کروڑ 90 لاکھ افراد شراب کے عادی ہو چکے تھے۔
شراب نوشی کے طبی خطرات
'ڈبلیو ایچ او' نے واضح کیا ہے کہ شراب کی کوئی بھی مقدار مکمل طور پر محفوظ نہیں۔ حتیٰ کہ اس کا کم مقدار میں استعمال بھی کچھ نہ کچھ خطرات پیدا کرتا ہے اور نقصان پہنچا سکتا ہے۔
200 سے زیادہ بیماریوں، چوٹوں اور صحت سے متعلق دیگر مسائل میں شراب نوشی کا براہ راست کردار ہے۔ یہ جگر کی بیماریوں، دل کے امراض اور مختلف اقسام کے سرطان کا باعث بھی بنتی ہے۔ اسی طرح، ذہنی صحت اور رویوں سے متعلق مسائل، ڈپریشن اور بے چینی کا شراب نوشی سے تعلق بھی ثابت ہو چکا ہے۔
اندازےکے مطابق، 2019 میں دل کی بیماریوں سے ہونے والی 4 لاکھ 74 ہزار اموات شراب نوشی کے باعث ہوئیں۔
شراب نوشی سے چھاتی، جگر، سر اور گردن، غذائی نالی اور بڑی آنت کے سرطان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ 2019 میں عالمی سطح پر سرطان کے 4.4 فیصد مریضوں کو یہ بیماری شراب نوشی کے سبب ہوئی اور سرطان سے ہونے والی چار لاکھ ایک ہزار اموات کا تعلق سرطان سے تھا۔
حمل کے دوران شراب کا استعمال بچوں میں بہت سے امراض کا سبب بنتا ہے۔ اس سے ان کی نشوونما میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے اور بچوں میں پیدائشی نقائص کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ حمل کے دوران شراب نوشی قبل از وقت پیدائش، اسقاط حمل، مردہ پیدائش اور قبل از وقت ولادت جیسے خطرات میں بھی اضافہ کرتی ہے۔
حادثات اور چوٹیں
شراب نوشی کے نتیجے میں جسمانی حادثات بھی بہت سی چوٹوں اور اموات کا سبب بنتے ہیں۔ 2019 میں شراب سے متعلق سڑک حادثات میں ہونے والی دو لاکھ 98 ہزار اموات میں سے ایک لاکھ 56 ہزار اموات کسی اور فرد کی شراب نوشی کے باعث ہوئیں۔
شراب نوشی کے سبب دیگر چوٹیں گرنے، ڈوبنے، جلنے، جنسی زیادتی، گھریلو تشدد اور خودکشی کی کوشش کا نتیجہ ہوتی ہیں۔ علاوہ ازیں، شراب کے استعمال اور متعدی بیماریوں جیسا کہ تپ دق (ٹی بی) اور ایچ آئی وی کے پھیلاؤ یا ان کے نتائج کے درمیان تعلق بھی ثابت ہو چکا ہے۔
اموات میں کمی
2010 سے 2019 کے درمیان عالمی سطح پر فی ایک لاکھ آبادی میں شراب نوشی سے ہونے والی اموات میں 20.2 فیصد کمی واقع ہوئی جس میں ملکی سطح پر شراب سے متعلق پالیسیاں تیار کرنے والے ممالک کی تعداد میں اضافے کا اہم کردار ہے۔ اگرچہ تمام ممالک شراب پر ایکسائز ٹیکس عائد کرتے ہیں تاہم بہت سے ممالک میں پالیسی سازی کے عمل میں شراب کی صنعت کی مسلسل مداخلت ایک بڑا مسئلہ ہے۔
2019 کے اعداد و شمار کی بنیاد پر مبنی اس حقائق نامے کے مطابق، زیرجائزہ رہنے والے 145 ممالک میں سے تقریباً 54 فیصد کے پاس شراب نوشی سے پیدا ہونے والے جسمانی عارضوں کے خصوصی علاج سے متعلق رہنما ہدایات یا ضوابط موجود تھے۔ تاہم، صرف 46 فیصد ممالک ایسے تھے جہاں زیرعلاج افراد کی رازداری کے تحفظ کے لیے قانونی ضابطے بنائے گئے تھے۔
'ڈبلیو ایچ او' نے کہا ہے کہ بیشتر ممالک میں شراب نوشی کے باعث بیمار ہو جانے والے افراد کے لیے طبی معائنے، تشخیص اور علاج تک رسائی نہایت کم ہے۔ اسی طرح ان بیماریوں کے علاج کے لیے ادویات تک رسائی بھی محدود ہے۔
ڈبلیو ایچ او کا لائحہ عمل
'ڈبلیو ایچ او' نے عالمی، علاقائی اور ملکی سطح پر شراب کے مضر استعمال میں کمی لانے کے لیے 'بین الاقوامی لائحہ عمل 2022 تا 2030' شروع کر رکھا ہے جس کی تمام رکن ممالک نے توثیق کی ہے۔ اس منصوبے کے تحت شراب نوشی کے استعمال میں کمی لانے اور اس کے مضر اثرات پر قابو پانے کے لیے موثر حکمت عملی اور اقدامات کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔
اس منصوب کے ذریعے شراب نوشی کے نقصانات بارے آگاہی بیدار کرنے، متعلقہ اقدامات کے لیے شراکتیں اور ہم آہنگی قائم کرنے، رکن ممالک کو تکنیکی معاونت اور صلاحیت سازی میں مدد کی فراہمی، ضروری معلومات تک رسائی کے نظام کا قیام اور اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے وسائل کی فراہمی جیسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
اس لائحہ عمل سے کام لینے کے نتیجے میں پائیدار ترقی کے ہدف 3.5 کے تحت شراب نوشی کے مضر اثرات پر قابو پانے سے متعلق عالمی پیش رفت تیز کرنے میں مدد ملے گی۔
'ڈبلیو ایچ او' نے کہا ہے کہ شراب نوشی کے باعث بیمار ہونے والے لوگوں کو طبی سہولیات اور نگہداشت تک عام اور یکساں رسائی دینا ہو گی۔ باہمی تعاون اور احتیاط سے کام لیتے ہوئے شراب نوشی کے منفی طبی اور سماجی اثرات کو موثر طور پر کم کرنا ممکن ہے۔