فلسطینی نور شمس مہاجر کیمپ گرانے کا اسرائیلی حکم تشویشناک
اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع نور شمس مہاجر کیمپ کو منہدم کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں جنہیں اقوام متحدہ نے خطے کے لیے مزید تباہ کن اقدام قرار دیا ہے۔
فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (انروا) کے مطابق، 18 دسمبر سے کم از کم 25 عمارتوں کو فوری طور پر مسمار کیے جانے کا خطرہ ہے جس کے نتیجے میں جبراً بے گھر کیے گئے سیکڑوں فلسطینی متاثر ہوں گے۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں ادارے کے ڈائریکٹر رولینڈ فریڈرک نے سیٹلائٹ سے حاصل کردہ تصاویر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس حکم سے پہلے ہی کیمپ کی تقریباً نصف (48 فیصد) عمارتیں تباہ ہو چکی تھیں یا انہیں شدید نقصان پہنچا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ نیا انہدامی حکم اسی طرز عمل کا تسلسل ہے جو رواں سال بارہا دیکھنے میں آیا ہے۔ اسرائیلی فورسز مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں واقع کیمپوں پر اپنا طویل المدتی کنٹرول قائم رکھنے کے لیے گھروں کو مسمار کر رہی ہیں جس سے ان علاقوں کی جغرافیائی ساخت مستقل طور پر بدل رہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایسے اقدامات عسکری ضرورت کے نام پر کیے جاتے ہیں لیکن انہدامی کارروائیوں سے کسی کو کوئی تحفظ حاصل نہیں ہوتا۔
ماند پڑتی امیدیں
جنوری میں اسرائیلی فوج نے اس علاقے میں بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی تھی جس کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی پناہ گزین بے گھر ہو گئے۔ آپریشن آئرن وال کے نام سے اس کارروائی کا آغاز جنین پناہ گزین کیمپ سے ہوا جو بعد ازاں طولکرم، نور شمس اور الفارعہ کیمپوں تک پھیل گئی۔
رولینڈ فریڈرک نے کہا ہے کہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں 32 ہزار سے زیادہ فلسطینی پناہ گزینوں کی جبری بے دخلی کو کسی طور مستقل صورت اختیار نہیں کرنی چاہیے۔ ان علاقوں کے مکین 11 ماہ سے بے چینی کے عالم میں اپنے گھروں کو لوٹنے کے منتظر ہیں جبکہ بلڈوزروں کے ہر وار کے ساتھ ان کی یہ امید ماند پڑتی جا رہی ہے۔
'انروا' کی خدمات
'انروا' مشرق وسطیٰ کے پانچ علاقوں میں تقریباً 60 لاکھ فلسطینی پناہ گزینوں کو امداد فراہم کرتا ہے، جن میں مقبوضہ مغربی کنارے کے 19 کیمپ بھی شامل ہیں۔
2023 میں نور شمس کیمپ میں 13,739 افراد رجسٹرڈ تھے جہاں ادارے کے زیرانتظام لڑکوں اور لڑکیوں کے دو سکول قائم ہیں جن میں تقریباً 1,571 طلبہ تعلیم حاصل کرتے ہیں۔
کیمپ کے واحد طبی مرکز میں مکینوں کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جن میں تولیدی صحت کی خدمات، زچہ بچہ کی دیکھ بھال، ویکسینیشن، طبی معائنے اور تشخیص شامل ہیں۔