احتجاج میں ہلاکتیں: لاشوں کا فرنزک معائنہ درست اقدام، انسانی حقوق ماہر
ماورائے عدالت ہلاکتوں پر اقوام متحدہ کے ماہر مورس ٹڈبال بنز نے بنگلہ دیش میں گزشتہ سال حکومت مخالف احتجاج میں ہلاک ہونے والے 114 نامعلوم افراد کی لاشوں کے فرنزک معائنے کو سچائی، انصاف اور احتساب کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ بنگلہ دیش میں اس قدر بڑے پیمانے پر فرنزک بازیافت، تجزیے اور شناخت کی پہلی کارروائی ہے جو بین الاقوامی انسانی حقوق اور لاشوں کے سائنسی تجزیے سے متعلق عالمی ضوابط کے تحت کی جا رہی ہے۔ اس سے ہلاک ہونے والوں کی شناخت ممکن ہو گی اور یہ اندازہ بھی ہو سکے گا کہ ان کی موت کیسے حالات میں ہوئی۔
ان افراد کی لاشوں کو قبروں سے نکال کر جرائم کی تفتیش کے محکمے میں قائم کردہ عارضی مردہ خانے میں لایا جا رہا ہے۔ سائنسی تجزیہ چند روز جاری رہے گا اور اس میں ڈی این اے کا کھوج بھی لگایا جائے گا۔
تکنیکی معاونت
مورس ٹڈبال جولائی 2025 میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) کی معاونت کے لیے ڈھاکا میں موجود تھے جہاں انہوں نے حکام کو فرنزک تحقیقات کے بارے میں تکنیکی مشورے دیے۔ اس موقع پر ان کی معاونت کا خیر مقدم کیا گیا۔
اس عمل میں جن لاشوں کا معائنہ کیا جا رہا ہے وہ گزشتہ سال جولائی میں احتجاج کے دوران سڑکوں سے برآمد ہوئی تھیں۔ اس موقع پر ان کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی تھی اور انہیں ایک فلاحی تنظیم انجمن مفیدالاسلام کی مدد سے دفنا دیا گیا تھا۔
مورس ٹڈبال بنز نے کہا ہے کہ متاثرین اور ان کے خاندانوں کی سچائی، انصاف اور احتساب کی ضرورت پوری کرنے کے علاوہ یہ تحقیق ملک کی طبی و فرنزک صلاحیت کو بین الاقوامی معیارات خصوصاً منیسوٹا پروٹوکول کے مطابق مضبوط بنانے کا موقع بھی ہے۔
غیر جانبدار ماہرین و اطلاع کار
غیرجانبدار ماہرین یا خصوصی اطلاع کار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ کار کے تحت مقرر کیے جاتے ہیں جو اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔