منشیات سمگلنگ کی راہداری ہیٹی سے ریکارڈ مقدار میں کوکین برآمد
جرائم اور تشدد سے متاثرہ ہیٹی جنوبی امریکہ، غرب الہند اور شمالی امریکہ کے درمیان منشیات سمگلنگ کی بڑی راہداری بن گیا ہے جبکہ ملک میں مسلح جتھوں کی عملداری کے نتیجے میں سمندر کے ذریعے اسلحہ کی سمگلنگ بھی تیزی سے فروغ پا رہی ہے۔
رواں سال جولائی میں ہیٹی کے شمالی ساحل کے قریب 1,045 کلوگرام کوکین پکڑی گئی جو گزشتہ 30 برس میں ملک سے منشیات کی سب سے بڑی برآمدگی تھی۔ حکام کے مطابق، یہ منشیات مبینہ طور پر جنوبی امریکا سے آئی تھی اور تفتیش کاروں کے مطابق اسے غرب الہند کے مختلف حصوں اور امریکہ میں فروخت کے لیے منتقل کیا جا رہا تھا۔
اس سے دو ہفتے بعد مختلف کارروائیوں میں تقریباً دو ہزار کلو گرام بھنگ ضبط کی گئی۔ حالیہ شواہد سے سامنے آیا ہے کہ ہیٹی سے منشیات یورپ کی جانب بھی بھیجی جا رہی ہیں۔ اگست 2025 میں بیلجیم کے حکام نے اینٹورپ کی بندرگاہ پر ایک کنٹینر سے 1,156 کلوگرام کوکین پکڑی جو ہیٹی سے روانہ ہوا تھا۔
ہیٹی میں دارالحکومت پورٹ او پرنس کے بڑے حصے سمیت بہت سے علاقوں پر جرائم پیشہ گروہوں کا قبضہ ہے جن کا اثرورسوخ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ جرائم اور تشدد کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں اور ملک کو شدید انسانی و معاشی بحران کا سامنا ہے۔
سمندری میں بھتہ خوری
ہیٹی کے بڑے جرائم پیشہ گروہوں نے دارالحکومت پورٹ او پرنس کے اندر اور باہر اہم گزرگاہوں پر اپنا کنٹرول قائم کر لیا ہے جبکہ ڈومینیکن ریپبلک کی سرحد کے متوازی بھی ان کا اثر و رسوخ پھیلا ہوا ہے۔ یہ راستے منشیات اور اسلحہ کی سمگلنگ کے لیے اہم سمجھے جاتے ہیں۔ ان راستوں پر قبضے کی بدولت جرائم پیشہ گروہ مقامی آبادی سے بھتہ ہی نہیں لیتے بلکہ مکمل آزادی سے منشیات کو ملک کے دوسرے حصوں اور بیرون ملک بھی منتقل کرتے ہیں۔
بعض گروہوں کے بارے میں اطلاع ہے کہ وہ کشتیوں سے بھتہ وصول کرتے ہیں اور سمندر میں مسلح ڈکیتیوں میں بھی ملوث ہیں۔
سمگلنگ کا منظم نیٹ ورک
ہیٹی تیزی سے ایک ایسے کثیرملکی سمگلنگ نیٹ ورک کا مرکزی مرکز بن رہا ہے جس میں کئی ممالک کے عناصر ملوث ہیں۔ ہیٹی کے پانیوں میں اور یورپ کی جانب منشیات کی سمگلنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ نیٹ ورک منظم، مربوط اور جدید ہیں جن کے مقابلے میں خطے کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشترکہ اور مضبوط ردعمل دینا ہو گا۔
منشیات کی تجارت خطے کے عدم استحکام میں اضافہ کرتی، قانون کی عملداری کو کمزور بناتی، معیشتوں کو متاثر کرتی اور تشدد کو ہوا دیتی ہے۔
اقوام متحدہ اور انسداد جرائم
اقوام متحدہ کا ادارہ برائے انسداد منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) سرحدی سلامتی کو مضبوط کرنے، سمندری نگرانی بہتر بنانے، انٹیلیجنس پر مبنی پولیس کارروائیوں کو فروغ دینے اور بدعنوانی و مالی جرائم کے خلاف ہیٹی کی حکومت کو تعاون فراہم کر رہا ہے۔
ہیٹی کی درخواست پر سرحدی انتظامی پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد بندرگاہوں، ہوائی اڈوں اور زمینی گزرگاہوں پر انسداد منشیات کی کارروائیوں کو موثر بنانا ہے۔ ادارے کا 'انسداد سمندری جرائم پروگرام' ہیٹی کوسٹ گارڈ کی استعداد بہتر بنانے پر کام کر رہا ہے جس سے منشیات اور انسانی سمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والے بحری راستوں کی نگرانی میں بہتری آئے گی۔
'یو این او ڈی سی' قانون نافذ کرنے والے اداروں کو منظم جرائم میں ملوث گروہوں کے خلاف انٹیلیجنس پر مبنی کارروائیوں میں مدد دے رہا ہے۔ علاوہ ازیں، ہیٹی اور خطے کے ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے میں بھی اضافہ کیا گیا ہے تاکہ سرحد پار جرائم پیشہ نیٹ ورک توڑے جا سکیں۔
ملک میں خصوصی عدالتیں بھی قائم کی جا رہی ہیں جو مالی جرائم، منی لانڈرنگ، مسلح جتھوں سے جڑے مقدمات اور دیگر حساس معاملات پر قانونی کارروائی کریں گی۔