انسانی کہانیاں عالمی تناظر

صنعت اور اس کے مسائل ریاض میں یو این کانفرنس کا موضوع

ہیئر نیٹ اور یونیفارم میں ایک خاتون فیکٹری ورکر ڈیری پروڈکٹس بنانے والے پلانٹ میں اسمبلی لائن پر کھڑی ہے، جس میں پروڈکٹ کے ڈبے کنویئر بیلٹ پر چل رہے ہیں۔
© ADB/Deng Jia چین کی ایک فیکٹری۔

صنعت اور اس کے مسائل ریاض میں یو این کانفرنس کا موضوع

معاشی ترقی

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں آج شروع ہونے والی عالمی صنعتی کانفرنس میں دنیا بھر کے رہنما اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ صنعت کس طرح موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ اور غیرمنصفانہ سپلائی چین (مداخل کی رسد) جیسے چند اہم ترین مسائل سے نمٹنے میں مدد دے سکتی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں بھیجے گئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ معیشتوں کو مضبوط کرنے، غربت سے لڑنے اور روزگار و خوشحالی پیدا کرنے کے لیے صنعتی ترقی انتہائی ضروری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومتیں اور کاروباری ادارے پائیدار صنعتی ترقی کے ذریعے موسمیاتی بحران میں کمی لائیں۔ اس مقصد کے لیے ماحول دوست اور قابل تجدید ٹیکنالوجی اپنائی جائے، بنیادی ڈھانچے کو بہتر کیا جائے اور یقینی بنایا جائے کہ یہ ترقی سماجی یا ماحولیاتی نقصان کا باعث نہ ہو۔ یہ تمام امور مستقبل کے معاہدے کی اہم سفارشات کا حصہ ہیں جو بین الاقوامی تعاون، امن اور ترقی کے لیے اقوام متحدہ کا لائحہ عمل ہے۔

حکومتوں، نجی شعبے اور سول سوسائٹی کے مندوبین کی یہ کانفرنس ایک ایسے وقت ہو رہی ہے جب بہت سی کمزور معیشتیں شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ کئی امیر ممالک نے ترقیاتی امداد میں کمی کر دی ہے جبکہ گزشتہ روز ختم ہونے والی عالمی موسمیاتی کانفرنس (کاپ 30) میں واضح ہوا کہ موسمیاتی بحران کس قدر شدید ہے جو بالخصوص جزائر پر مشتمل چھوٹے ترقی پذیر ممالک کے لیے وجودی خطرہ بن چکا ہے۔

کانفرنس کے بنیادی موضوعات

یہ کانفرنس اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صنعتی ترقی (یونیڈو) کا 21واں عمومی اجلاس بھی ہے۔ یونیڈو کا مقصد پائیدار اور جامع صنعتی ترقی کو فروغ دینا ہے، جو غربت میں کمی، معاشی مسابقت میں اضافہ اور ترقی پذیر ممالک میں موسمیاتی استحکام کی صورتحال کو بہتر کر سکے۔

اس کانفرنس میں تین بنیادی موضوعات پر توجہ مرکوز ہو گی:

  • گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی اور قابل تجدید توانائی کا فروغ
     
  • زرعی و صنعتی اختراع کے ذریعے بھوک کا خاتمہ اور غذائی تحفظ میں بہتری
     
  • محنت کشوں، عام لوگوں اور ماحول کو تجارتی فوائد پہنچانے کے لیے پائیدار سپلائی چین کا قیام

منصفانہ مالیاتی نظام

یونیڈو کے ڈائریکٹر جنرل گیڈ مولر نے ترقی یافتہ ممالک پر زور دیا کہ وہ عدم مساوات سے نمٹنے کے لیے مزید کردار ادا کریں۔ صنعتی طاقتوں کو اپنی عالمی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ انہوں نے سوال کیا کہ ترقی یافتہ ممالک حسب وعدہ اپنے سالانہ بجٹ کا 0.7 فیصد ترقیاتی امداد کے طور پر کیوں نہیں دے سکے۔

ان کا کہنا تھا، اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی مالیاتی نظام کو منصفانہ بنایا جائے جس کے تحت ترقی پذیر ممالک کو اس تک بہتر رسائی ملے جبکہ تجارتی منڈیوں تک زیرو ٹیرف رسائی فراہم کی جانا چاہیے۔

'موت کا پروانہ'

دوسری جانب، دنیا کی بڑی معیشتوں کے رہنما جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں جی 20 سربراہی اجلاس میں شریک ہیں۔ مولر نے ان رہنماؤں سے براہ راست اپیل کی کہ وہ اقوام متحدہ کے امدادی اداروں کے لیے امدادی وسائل میں کی جانے والی 40 فیصد بھاری کٹوتیوں کو واپس لیں۔ ان میں عالمی پروگرام برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) جیسے ادارے بھی شامل ہیں۔

گیڈ مولر نے خبردار کیا کہ امدادی وسائل میں یہ کٹوتیاں لاکھوں بچوں، پناہ گزینوں اور دنیا کے بحران زدہ علاقوں میں رہنے والوں کے لیے سزائے موت سے کم نہیں جو انسانی امداد پر انحصار کرتے ہیں۔