انسانی کہانیاں عالمی تناظر

زندگی کی طرف واپسی: گلی محلوں سے غزہ کی تعمیر نو شروع

نارنجی اور سبز واسکٹوں میں ملبوس رضاکار غزہ کی ایک سڑک پر مٹی اور ملبے کو سرخ وہیل بیرو میں ڈال رہے ہیں۔
UN News ’ہم دوبارہ غزہ کی تعمیر کریں گے‘ مہم میں رضاکار، غیر سرکاری تنظیمیں اور اقوام متحدہ کے کارکن شامل ہیں۔

زندگی کی طرف واپسی: گلی محلوں سے غزہ کی تعمیر نو شروع

انسانی امداد

غزہ شہر کے جنگ سے تباہ شدہ علاقوں میں ملبہ ہٹانے اور صفائی کے لیے ایک بڑی مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس میں اقوام متحدہ کے اہلکار، رضاکار اور عام شہری تعمیرنو کے جذبےسے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

صفائی مہم کے دوران بھاری مشینری اور ٹرکوں کو سڑکوں سے ملبہ صاف کرنے کے لیے تعینات کیا گیا جبکہ درجنوں کارکنوں اور رضاکاروں نے کوڑا ہٹانے اور عوامی مقامات کی صفائی میں حصہ لیا۔ یہ جنگ کے کئی مہینوں بعد شہر میں زندگی کی بحالی کے وسیع تر اقدامات کا حصہ ہے۔

'ہم غزہ کو دوبارہ تعمیر کریں گے' کے نعرے تلے اس مہم میں وہیل چیئر پر شریک ایک خاتون نے کہا کہ وہ اپنے علاقے کی بحالی چاہتی ہیں اور جسمانی معذوری کے باوجود اس مقصد کے لیے ہرممکن کوشش کریں گی۔

فلسطینی این جی او نیٹ ورک کے ڈائریکٹر امجد الشوا کا کہنا تھا کہ یہ اقدام دنیا کے لیے ایک پیغام ہے کہ غزہ کے لوگ اپنے شہر میں زندگی لوٹانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملبہ ہٹانے پر کام کرنے والی خصوصی انجینئرنگ ٹیموں نے 60 ملین ٹن سے زیادہ ملبے سے نمٹنے کے حل تلاش کرنا شروع کر دیے ہیں۔ حالیہ رضاکارانہ صفائی مہم ایک طویل عمل کی شروعات ہے یہاں تک کہ غزہ پہلے سے بھی زیادہ خوبصورت نہ ہو جائے۔

نارنجی جیکٹوں میں ملبوس کارکن اور ایک ہجوم غزہ کی ایک گلی میں ملبے اور ملبے کے گرد جمع ہے۔
یو این خبرنامہ۔

باوقار زندگی کی شروعات

اقوامِ متحدہ کے مختلف اداروں کے اہلکاروں نے بھی صفائی کی کوششوں میں حصہ لیا اور مقامی اقدامات کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے اہلکار ایلیساندرو ماراکیچ نے بتایا کہ وہ یہاں مقامی حکام، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور چیمبر آف کامرس کے ساتھ موجود ہیں تاکہ صفائی کے کاموں کا آغاز کیا جا سکے۔ لوگ اپنے شہر کو واپس لوٹ رہے ہیں اور سڑکوں پر نظم و ضبط بحال کر کے باوقار زندگی کی ازسرنو شروعات کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'یو این ڈی پی' روزانہ کی بنیاد پر ٹھوس فضلے کی صفائی انجام دیتا ہے اور آئندہ موسم سرما کے لیے پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے مناسب انتظام کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔