سوڈان: الفاشر میں قتل و غارت گری پر انسانی حقوق کونسل کا اجلاس طلب
اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق سوڈان میں جاری لڑائی کے تناظر میں الفاشر اور اس کے گردونواح میں شہریوں کے قتل اور حقوق کی سنگین پامالیوں کے حوالے سے 14 نومبر کو خصوصی اجلاس منعقد کرے گی۔
یہ اجلاس برطانیہ کی باضابطہ درخواست پر بلایا جا رہا ہے جس میں جرمنی، آئرلینڈ، نیدرلینڈز اور ناروے بھی شریک ہیں جبکہ کونسل کے 24 رکن ممالک نے اس اقدام کی حمایت کی ہے۔
سوڈان کو اپریل 2023 سے خانہ جنگی اور دنیا کا شدید ترین انسانی بحران درپیش ہے جس سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ ملک کی ریاست شمالی ڈارفر کا دارالحکومت الفاشر اس بحران کا مرکز بن چکا ہے جس پر 'ریپڈ سپورٹ فورسز' (آر ایس ایف) نے تقریباً دو سالہ محاصرے کے بعد قبضہ کر لیا ہے۔ شہر میں خوراک، پانی اور طبی امداد کی شدید قلت ہے جبکہ اس کے مکین خصوصاً خواتین اور بچے بدترین حالات سے گزر رہے ہیں۔
گزشتہ دنوں الفاشر پر 'آر ایس ایف' کا قبضہ ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر شہریوں کے قتل عام، خواتین سے جنسی زیادتی اور لوٹ مار کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ انسانی حقوق کے ماہرین نے اس قتل وغارت، جنگی مقاصد کے لیے جبری بھرتیوں اور جنسی تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سخت تشویش ظاہر کی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے ادارے الفاشر اور کادغلی میں قحط پھیلنے کی تصدیق بھی کر چکے ہیں۔
31 مبصر ممالک کی حمایت
کسی خصوصی اجلاس کے انعقاد کے لیے کونسل کے 47 ارکان میں سے کم از کم ایک تہائی یعنی 16 یا اس سے زیادہ ممالک کی حمایت درکار ہوتی ہے۔ اب تک جن 24 ممالک نے اس درخواست کی حمایت کی ہے ان میں البانیا، بیلجیم، بلغاریہ، چلی، کولمبیا، کوسٹا ریکا، قبرص، چیک ریپبلک، ڈومینیکن ریپبلک، فرانس، گیمبیا، جارجیا، جرمنی، گھانا، آئس لینڈ، جاپان، میکسیکو، نیدرلینڈز، شمالی مقدونیہ، جمہوریہ کوریا، رومانیہ، جنوبی افریقہ، اسپین اور سوئزرلینڈ شامل ہیں۔
کونسل کے 31 مبصر ممالک نے بھی اس درخواست کی حمایت کی ہے جن میں انڈورا، آسٹریلیا، آسٹریا، کینیڈا، کروشیا، ڈنمارک، ایسٹونیا، فن لینڈ، یونان، ہنگری، آئرلینڈ، اٹلی، لٹویا، لیکٹنسٹائن، لتھوانیا، لکسمبرگ، مالٹا، موناکو، مونٹی نیگرو، نیوزی لینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، جمہوریہ مالدووا، سیرالیون، سلوواکیہ، سلووینیہ، سویڈن، یوکرین، برطانیہ اور یوراگوئے شامل ہیں۔
کونسل اس خصوصی اجلاس کے انعقاد اور طریقہ کار کے حوالے سے ایک جامع معلوماتی مشاورت منعقد کرے گی۔ یہ مشاورتی اجلاس کونسل کے ہیڈکوارٹر واقع جنیوا میں ہو گا۔
یہ کونسل کا 38واں خصوصی اجلاس ہو گا۔ کونسل اس سے پہلے سوڈان کے حوالے سے دو خصوصی اجلاس منعقد کر چکی ہے جن میں سے پہلا 5 نومبر اور دوسرا 11 مئی 2023 کو منعقد ہوا۔