انسانی کہانیاں عالمی تناظر

ایران: بیرونی جارحیت کے بعد اندرون ملک جبر میں اضافہ، انسانی حقوق ماہر

ہلکے سرمئی پس منظر کے خلاف ہیڈ شاٹ والی تصویر میں خصوصی نمائندے، مائی ساتو کا پورٹریٹ۔
UN News ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی غیرجانبدار اطلاع کار مئی ساتو۔

ایران: بیرونی جارحیت کے بعد اندرون ملک جبر میں اضافہ، انسانی حقوق ماہر

انسانی حقوق

ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ مئی ساتو نے کہا ہے کہ ایران پر بیرونی جارحیت نے اندرون ملک جبر کو مزید بڑھا دیا ہے جس سے ملکی عوام کے حق زندگی اور آزادیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو ایران کی صورتحال پر اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ کے دوران ملک میں متعارف کرائے گئے ہنگامی اقدامات کے نتیجے میں بڑی تعداد میں افغان شہریوں کی ملک بدری، جاسوسی سے متعلق نئے قوانین کا نفاذ اور ان کے نتیجے میں شہری آزادیوں کی سلبی، حقوق کے کارکنوں، نسلی و مذہبی اقلیتوں اور حکومت کے ناقدین کی نگرانی اور انہیں حراست میں لینے کی مہم تیز ہو گئی ہے۔

Tweet URL

مئی ساتو نے جون 2025 میں اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران پر حملوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی اور طاقت کا غیرقانونی استعمال قرار دیا اور کہا کہ 12 روزہ جنگ میں خواتین اور بچوں سمیت 1,100 سے زیادہ افراد ہلاک اور 5,600 سے زیادہ زخمی ہوئے۔ اس دوران شہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا اور رہائشی علاقوں، ہسپتالوں اور ذرائع ابلاغ کی عمارتوں پر حملوں سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ بڑے پیمانے پر نقل مکانی دیکھنے کو ملی۔

سزائے موت میں تشویشناک اضافہ

خصوصی نمائندہ کی رپورٹ میں سزائے موت کے واقعات میں تشویشناک اضافے کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ ستمبر 2025 تک ایسے ایک ہزار سے زیادہ واقعات کی تصدیق ہو چکی تھی جو گزشتہ کئی برس میں ریکارڈ کی جانے والی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ انہوں نے اس صورتحال کو خوف پھیلانے اور انتقام لینے کی دانستہ پالیسی قرار دیا اور کہا کہ بہت سی سزائیں غیر منصفانہ مقدمات یا قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے مبہم الزامات کے تحت دی گئیں۔

مئی ساتو نے ایرانی حکومت کی جانب سے سرحد پار جبر کے بڑھتے ہوئے رجحان کی نشاندہی بھی کی جس کے تحت ایرانی حکام بیرون ملک اپنے مخالفین کو دھمکیوں، نگرانی اور انہیں خوفزدہ کرنے جیسے اقدامات سے نشانہ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے ایرانی حکومت پر زور دیا کہ وہ اس وقت کو اتحاد اور بحالی کے موقع کے طور پر استعمال کرتے ہوئے فوری و ٹھوس اقدامات کے ذریعے انسانی حقوق کے تحفظ کے عزم کا مظاہرہ کرے۔ حکومت کو اپنے عوام کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنا چاہیے، سزائے موت کا خاتمہ کیا جائے، بنیادی آزادیوں کو تحفظ دیا جائے اور قانون کی بالادستی یقینی بنائی جائے۔

منصفانہ قانونی کارروائی کا مطالبہ

خصوصی نمائندہ نے ایران سے سزائے موت پر پابندی نافذ کرنے، ملزموں کو منصفانہ قانونی کارروائی کی ضمانت دینے اور اُن افراد کو رہا کرنے پر بھی زور دیا ہے جو اپنے بنیادی حقوق سے کام لینے کی وجہ سے قید ہیں۔ انہوں نے وکلا، صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور اقلیتوں کو دھمکیوں اور تشدد سے تحفظ دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

مئی ساتو نے دیگر ممالک سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ خطرے سے دوچار ایرانی سول سوسائٹی کے کارکنوں کی حمایت کریں اور سرحد پار جبر کے خلاف مشترکہ اقدامات کو مربوط بنائیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ایرانی عوام امن، وقار اور انصاف کے مستحق ہیں اور عالمی برادری کو ان کا ساتھ دینا چاہیے۔

غیر جانبدار ماہرین و اطلاع کار

غیرجانبدار ماہرین یا خصوصی اطلاع کار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ کار کے تحت مقرر کیے جاتے ہیں جو اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔