انسانی کہانیاں عالمی تناظر

گنی کی ڈیئین کیتا یو این ایف پی اے کی نئی سربراہ مقرر

گنی کی ڈینی کیٹا UNFPA پریس کانفرنس کے دوران ایک پوڈیم میں خطاب کر رہی ہیں۔
UNFPA ڈیعین کیتا بین الاقوامی ترقی اور خدمات عامہ کے شعبے میں تین دہائیوں سے زیادہ عرصہ کا تجربہ رکھتی ہیں۔

گنی کی ڈیئین کیتا یو این ایف پی اے کی نئی سربراہ مقرر

صحت

افریقی ملک گِنی سے تعلق رکھنے والی ڈیئین کیتا کو اقوام متحدہ کے ادارہ برائے جنسی و تولیدی صحت (یو این ایف پی اے) کی نئی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔

ڈیئین کیتا ادارے کی سبکدوش ہونے والی سربراہ نتالیا کینم کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ ان کی تقرری 'یو این ایف پی اے' کے ایگزیکٹو بورڈ کی مشاورت سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کی ہے۔

Tweet URL

سیکرٹری جنرل نے اپنے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں نتالیا کینم کی خدمات اور ادارے کے مقاصد سے ان کی غیرمعمولی وابستگی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ڈیئین کیتا بین الاقوامی ترقی اور خدمات عامہ کے شعبے میں تین دہائیوں سے زیادہ عرصہ کا تجربہ رکھتی ہیں۔ وہ اس وقت 'یو این ایف پی اے' کی قائمقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر رہی ہیں اور 2020 سے ادارے کی نائب ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر ذمہ داریاں نبھاتی رہی ہیں۔

تجربہ و خدمات

'یو این ایف پی اے' کی نومنتخب سربراہ جمہوریہ گِنی میں وزیر برائے افریقی تعاون کی حیثیت سے کام کر چکی ہیں جبکہ اقوام متحدہ کے لیے خدمات انجام دینے کا وسیع تجربہ بھی رکھتی ہیں۔ انہوں نے نائجیریا اور جمہوریہ کانگو کے لیے 'یو این ایف پی اے' کی نمائندہ کی حیثیت سے کام کیا ہے جبکہ موریطانیہ، بینن اور جمہوریہ کانگو میں اقوام متحدہ کی نمائندہ (ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر) رہ چکی ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے ساتھ کام کا آغاز 1990 میں ادارے کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) میں خدمات انجام دے کر کیا تھا۔

ڈیئین کیتا اپنے کیریئر میں مختلف ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے بالخصوص خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے، مشمولہ ترقی، آبادیاتی مسائل اور پائیدار انسانی ترقی کے شعبوں میں کام کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے جنسی و تولیدی صحت کے مسائل کو حل کرنے اور امدادی کارروائیوں کے دوران صنفی بنیاد پر تشدد کا خاتمہ کرنے کے لیے بھی قابل ذکر کام کیا ہے۔

ڈیئین کیتا فرانس کی یونیورسٹی آف پیرس 1 پینتھیون سوربون سے بین الاقوامی اقتصادیات، ترقیاتی قانون اور بین الاقوامی تعلقات میں ڈاکٹریٹ ان لا اور اعلیٰ درجے کی ڈگریاں لے چکی ہیں۔ وہ انگریزی، فرانسیسی، اطالوی، مالنکے، بمبارا، سوسو اور فولانی زبان روانی سے بولتی ہیں۔