یوکرینی دارالحکومت پر روس کے میزائل حملوں کی کڑی مذمت
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے یوکرین کے شہروں پر روس کے میزائل اور ڈرون حملوں کی مذمت کی ہے جن میں گزشتہ رات بچوں سمیت متعدد شہری ہلاک و زخمی ہو گئے ہیں۔
سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے کہا ہے کہ ان حملوں میں گھروں اور شہری تنصیبات کی تباہی کے علاوہ دارالحکومت کیئو میں سفارت خانوں کی عمارتوں اور دفاتر کو بھی نقصان پہنچا۔ ایسی کارروائیاں ناقابل قبول اور بین الاقوامی انسانی قانون کی پامالی ہیں جنہیں فوری بند ہونا چاہیے۔
انتونیو گوتیرش نے جنگ بندی کے مطالبے کا اعادہ کرتے ہوئے یوکرین میں منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کے قیام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قیام امن کے اقدامات میں اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور ادارے کی متعلقہ قراردادوں کے تحت ملک کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کا احترام ہونا ضروری ہے۔
یوکرین کے دارالحکومت کیئو سمیت متعدد شہروں پر گزشتہ رات روس کے حملوں میں چار بچے ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) کے مطابق، ان میں سب سے کمسن بچے کی عمر ڈھائی برس تھی۔ ادارے کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں حملے کے بعد ایک تباہ شدہ رہائشی عمارت سے دھواں اٹھتا دیکھا جا سکتا ہے۔
سردی سے خطرہ
یونیسف نے کیئو اور محاذ جنگ کے قریبی علاقوں میں تیزی سے گرتے درجہ حرارت کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے عطیہ دہندگان اور شراکت داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم سرما کے لیے امدادی منصوبے میں زیادہ سے زیادہ تعاون کریں کیونکہ رواں سال یوکرین کے لیے درکار امدادی وسائل میں سے اب تک 60 فیصد ہی مہیا ہو پائے ہیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ محاذ جنگ سے 10 کلومیٹر فاصلے کے اندر رہنے والے لوگوں کو امداد پہنچانے کی فوری ضرورت ہے تاکہ ان کی بقا ممکن ہو سکے اور ان کے روزگار کو تحفظ مل سکے۔