انسانی کہانیاں عالمی تناظر

موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں انسانی حقوق اہم، وولکر ترک

تھائی لینڈ کے صوبہ کھون کین کے ضلع بان فائی کے ایک کھیت میں دو نوجوان تھائی لڑکیاں پھٹی ہوئی، خشک زمین پر کھڑی ہیں، جہاں مقامی لوگ نمکین مٹی کھود کر فروخت کے لیے نمک بناتے ہیں۔
30-01-2025-UNICEF-Thailand-01.jpg تھائی لینڈ میں خشک سالی سے متاثرہ زمین۔

موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں انسانی حقوق اہم، وولکر ترک

انسانی حقوق

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی سے لوگوں کے حقوق پر بڑھتے ہوئے منفی اثرات کی روک تھام کے لیے بروقت اور موثر اقدامات کرے۔

انہوں نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن ممالک سے سوال کیا کہ آیا لوگوں کو موسمیاتی تبدیلی سے تحفظ دینے کے لیے حسب ضرورت اقدامات کیے گئے ہیں۔

Tweet URL

ہائی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ کیا ایسے اقدامات اور فیصلے لیے جا رہے ہیں جن کی بدولت لوگوں کو موسمیاتی ابتری سے تحفظ مل سکے، ان کے مستقبل کی حفاظت ہو سکے اور قدرتی وسائل کو اس انداز میں استعمال کیا جائے کہ اس سے حقوق اور ماحول کا احترام یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے اپنے سوالات کا خود ہی جواب دیتے ہوئے کہا کہ دنیا اس مقصد کے لیے جو کچھ رہی ہے وہ کافی نہیں۔ موسمیاتی تبدیلی سے جہاں انسانی حقوق کو سنگین خطرات لاحق ہیں وہیں یہ ترقی کی راہ میں بھی رکاوٹ بن رہی ہے۔

مساوی اور پائیدار تبدیلی

وولکر ترک نے کہا کہ دنیا کو اس مسئلے پر قابو پانے کی غرض سے ماحول کے لیے تباہ کن سرگرمیوں کو منصفانہ انداز میں ماحول دوست اقدامات سے تبدیل کرنا ہو گا۔ انسان کو ایسا لائحہ عمل درکار ہے جو یہ بتائے کہ معاشروں، معیشتوں اور سیاست کو مساوی اور پائیدار انداز میں کیسے تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ معدنی ایندھن کے استعمال سمیت ماحول کے لیے نقصان دہ سرگرمیوں کو ترک کرکے ماحول دوست اقدامات کی جانب مراجعت ایسے انداز میں ہونی چاہیے کہ کوئی فرد پیچھے نہ رہے۔

اگر لوگوں کی زندگی، صحت، روزگار اور مستقبل کے مواقع کو تحفظ نہیں دیا جائے گا تو یہ تبدیلی پہلے سے موجود نااںصافی اور عدم مساوات کو مزید بڑھا دے گی۔