انسانی کہانیاں عالمی تناظر

شام میں نئی وسیع البنیاد حکومت کے قیام کا خیرمقدم

شام کے شہر دمشق میں ہزاروں افراد ایک بڑے موزیک ڈھانچے کے سامنے اسد حکومت کے خاتمے کا جشن منا رہے ہیں۔
Gaith Sabbagh شام میں بشار الاسد حکومت کے خاتمے پر ہزاروں خوشی میں دارلحکومت دمشق کے مرکزی چوراہے پر اکٹھے ہو گئے تھے۔

شام میں نئی وسیع البنیاد حکومت کے قیام کا خیرمقدم

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ نے شام میں نئی اور توسیع شدہ حکومت قائم کرنے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ہے جبکہ ملک کے لیے ادارے کے خصوصی نمائندے جیئر پیڈرسن نے کہا ہے کہ مشمولہ سیاسی تبدیلی کے ذریعے شام کے لوگوں کو امن، ترقی اور استحکام کا موقع ملنا چاہیے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے نیویارک میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران بتایا ہے کہ خصوصی نمائندے نے شام کے عبوری حکام کی جانب سے حکمرانی اور تبدیلی کے لیے آئندہ اقدامات کے تناظر میں قابل بھروسہ، مشمولہ اور پائیدار تبدیلی کے لیے کی جانے والی کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے۔

ان میں ایک عبوری قانون ساز کونسل کے قیام اور دستور ساز کمیٹی کی تشکیل کے علاوہ اعلیٰ ترین عالمی معیار کے مطابق اور سلامتی کونسل کی قرارداد 2254 کے تحت آزادانہ و شفاف انتخابات کا انعقاد بھی شامل ہیں۔

2015 میں منظور کردہ اس قرارداد میں شام کے لیے سیاسی تبدیلی کی 'ٹائم لائن' طے کی گئی ہے اور مشمولہ و قابل بھروسہ حکومت کی تشکیل کے لیے بات چیت، نئے دستور کی تیاری اور آزادانہ و منصفانہ انتخابات منعقد کرانے کے لیے کہا گیا ہے۔

جیئر پیڈرسن نے ملک میں ایسی مشمولہ سیاسی تبدیلی کے لیے زور دیا ہے جس کے تحت شام کے لوگوں کی خودمختاری بحال ہو، خانہ جنگی کا خاتمہ ہو سکے اور ملکی عوام اپنی جائز امنگوں کی تکمیل کر سکیں۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ خصوصی نمائندے جلد شام جائیں گے جہاں وہ عبوری حکام، شام کے لوگوں اور دیگر اہم فریقین کے ساتھ اس بارے میں بات چیت کریں گے۔