مغربی کنارے پر اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں 40,000 فلسطینی بے گھر
فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (انروا) نے کہا ہے کہ مغربی کنارے کے شمالی حصے میں فلسطینیوں کی ان کے گھروں سے جبری بیدخلی میں تشویشناک اضافہ ہو رہا ہے جہاں سے اب تک 40 ہزار پناہ گزین بے گھر ہو چکے ہیں۔
ادارے نے بتایا ہے کہ تلکرم، نور شمس اور الفارعہ میں واقع پناہ گزین کیمپ لوگوں سے تقریباً خالی ہو چکے ہیں۔ اس علاقے میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز 21 جنوری سے کارروائیاں کر رہی ہیں جو دوسری انتفادہ کے بعد مغربی کنارے میں طویل ترین کارروائی ہے۔
ان واقعات کا آغاز جنین کیمپ سے ہوا جو بعد میں دیگر علاقوں تک پھیل گئے۔ ادارے کے مطابق، مقبوضہ مغربی کنارے میں 2023 کے وسط سے شروع ہونے والی ایسی کارروائیوں کے نتیجے میں ہزاروں خاندان نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔
نقل مکانی کا سلسلہ
'انروا' نے کہا ہے کہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی تباہ کن کارروائیوں کے باعث پناہ گزین کیمپ ناقابل رہائش ہو گئے ہیں جبکہ مقامی لوگ متواتر نقل مکانی کر رہے ہیں۔ گزشتہ سال اس جگہ 60 فیصد لوگ اسرائیل کی فوجی کارروائی کے نتیجے میں بے گھر ہوئے تھے۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں نقل مکانی بڑھتے ہوئے خطرناک اور جابرانہ ماحول کا نتیجہ ہے۔ اسرائیل کی جانب سے ایسی کارروائیوں میں فضائی حملے، بکتر بند بلڈوزروں کا استعمال اور عمارتوں کی دھماکہ خیز مواد سے تباہی جیسے واقعات معمول بن گئے ہیں۔
فلسطینی جنگجوؤں کی کارروائیاں
مغربی کنارے کے شمالی حصے میں مسلح فلسطینی بھی سرگرم ہیں جو کیمپوں کے اندر دھماکہ خیز مواد نصب کر رہے ہیں اور یہ کارروائیاں 'انروا' کی عمارتوں اور شہری تنصیبات کے قریب بھی کی جا رہی ہیں۔
فلسطینی جنگجوؤں کی اسرائیلی اور فلسطینی فورسز کے ساتھ جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔ دسمبر 2024 کے بعد جنین کیمپ میں فلسطینی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے نقل مکانی کی ہے۔
'انروا' کی مشکلات
'انروا' نے کہا ہے کہ شہریوں اور شہری تنصیبات کو ہر طرح کے حالات میں تحفظ فراہم ضروری ہے اور لوگوں کو اجتماعی سزا دینا قابل قبول نہیں ہو سکتا۔ جینین کیمپ تقریباً خالی ہو چکا ہے جسے دیکھ کر دوسری انتفادہ کی یادیں تازہ ہو جاتی ہیں جبکہ دیگر کیمپوں میں بھی یہی کچھ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
'انراو' نے یہ بھی بتایا ہے کہ اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے اس کے خلاف منظور کردہ قوانین نافذ العمل ہونے کے بعد اس کا اسرائیل کے حکام سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ ان حالات میں اس کے لیے شہریوں کی تکالیف اور انسانی امداد کی فراہمی سے متعلق فوری ضروریات کے بارے میں حکام کو آگاہ کرنا ممکن نہیں رہا۔ اس طرح فلسطینی پناہ گزینوں اور ان کے لیے خدمات انجام دینے والے 'انروا' کے عملے کی زندگیوں کو لاحق خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔