انسانی کہانیاں عالمی تناظر

جغرافیائی و موسمیاتی بحران معاشی بحالی کی سست روی کا سبب، رپورٹ

ایک نوجوان خاتون، سولر ٹیکنیشن تریدھا ترپاٹھی، پیلے رنگ کی سخت ٹوپی اور حفاظتی بنیان پہنے اپنے بازو شمسی پینل کی صف کے سامنے کراس کر کے کھڑی ہے۔
UNDP انتیس سالہ تریدھا ترپاٹھی انڈیا کے شہر بھوپال میں شمسی توانائی مکینک کے طور پر کام کرتی ہیں۔

جغرافیائی و موسمیاتی بحران معاشی بحالی کی سست روی کا سبب، رپورٹ

معاشی ترقی

عالمی ادارہ محنت (آئی ایل او) نے بتایا ہے کہ جغرافیائی و سیاسی کشیدگیوں کے باعث موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات پر اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے اور قرضوں کے مسائل سے افرادی قوت کی منڈی کو دباؤ کا سامنا ہے۔

ادارے کی جاری کردہ رپورٹ بعنوان 'روزگار کی عالمی صورتحال اور سماجی منظرنامہ: 2025 کے رجحانات' میں کہا گیا ہے کہ کووڈ۔19 وبا کے نتیجے میں پیدا ہونے والی معاشی گراوٹ سے بحالی کی رفتار سست پڑ رہی ہے۔ گزشتہ سال روزگار میں اضافے کی شرح بڑھتی ہوئی افرادی قوت کے مساوی تھی اور اس طرح بے روزگاری کی شرح 2023 کی سطح پر برقرار رہی۔

Tweet URL

بے روزگار نوجوانوں کی تعداد بدستور بڑھ رہی ہے۔ غیررسمی کام کرنے والوں اور غریب محنت کشوں کی تعداد وبا سے پہلے کی سطح پر واپس چلی گئی ہے جبکہ کم آمدنی والے ممالک کو اپنے شہریوں کے لیے باوقار روزگار پیدا کرنے میں دوسروں سے کہیں زیادہ مشکلات کا سامنا ہے۔

باروزگار افراد میں صنفی فرق

کم آمدنی والے ممالک کی افرادی قوت میں کمی آئی ہے جبکہ بلند آمدنی والی معیشتوں میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جہاں بالخصوص بڑی عمر کے کارکنوں اور باروزگار خواتین کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

تاہم، باروزگار افراد میں صنفی فرق اب بھی بہت زیادہ ہے اور افرادی قوت میں خواتین کی کمی کے باعث رہن سہن کے معیار میں بہتری کی شرح محدود ہے۔

افرادی قوت میں نوجوانوں کی تعداد بھی تیزی سے کم ہوئی ہے جن میں بہت سے تعلیم اور روزگار یا پیشہ وارانہ تربیت کے پروگراموں (این ای ای ٹی) سے محروم ہیں اور اس طرح انہیں معاشی مسائل کے مقابل عدم تحفظ کا سامنا ہے۔ اگرچہ کم آمدنی والے ممالک میں یہ صورتحال نمایاں ہے لیکن دنیا بھر میں نوجوان خواتین کے حوالے سے یہ رجحان یکساں ہے۔

معاشی بحالی کے مسائل

'آی ایل او' نے بتایا ہے کہ چند ترقی یافتہ معیشتیں ہی اجرتوں میں اضافہ کر سکی ہیں اور بیشتر ممالک تاحال گزشتہ بحران کے اثرات سے بحالی کی جدوجہد کر رہے ہیں۔

گزشتہ برس عالمی معیشت میں معتدل ترقی ہوئی اور سال کے آخری حصے میں اس کی رفتار کم ہو گئی تھی۔ رواں سال بھی اس کی یہی رفتار برقرار رہنے کی توقع ہے۔

اگرچہ مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے لیکن عالمی معیشت تاحال وبا سے ہونے والے روزگار کے نقصان کو پورا نہیں کر سکی۔ رپورٹ میں روزگار کی سست رو ترقی کو اس کی ایک بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے۔

40 کروڑ 20 لاکھ بے روزگار

گزشتہ سال ایسے لوگوں کی تعداد 40 کروڑ 20 لاکھ تک پہنچ گئی تھی جو کام کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کے لیے روزگار دستیاب نہیں ہے۔ اس میں 18 کروڑ 60 لاکھ لوگ مکمل طور پر بے روزگار ہیں، 13 کروڑ 70 لاکھ عارضی طور پر کام کے لیے دستیاب ہوتے ہیں اور 7 کروڑ 90 لاکھ ایسے ہیں جنہوں نے بے روزگاری سے دلبرداشتہ ہو کر کام کی تلاش ترک کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، اگرچہ افرادی قوت میں اضافے کی شرح کم ہو رہی ہے لیکن آئندہ دو سال کے دوران اس کے مستحکم رہنے کا امکان ہے۔

روزگار کے نئے مواقع

'آئی ایل او' نے بتایا ہے کہ ماحول دوست توانائی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں روزگار بڑھنے کا امکان ہے۔ قابل تجدید توانائی کے شعبے میں مزید ایک کروڑ 62 لاکھ نوکریاں پیدا ہوئی ہیں جس میں شمسی اور ہائیڈروجن کی توانائی پر سرمایہ کاری کا اہم کردار ہے۔ تاہم، دنیا میں سبھی لوگوں کو مساوی طور پر یہ روزگار میسر نہیں ہیں اور ایسی تقریباً نصف نوکریاں مشرقی ایشیا میں ہیں۔

ڈیجیٹل ٹیکنالوجی مواقع بھی لاتی ہے تاہم اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بہت سے ممالک میں اس جدت کے مکمل فوائد سمیٹنے کے لیے درکار ضروری ڈھانچے اور صلاحیتوں کا فقدان ہے۔

اختراعی طریقہ ہائے کار

رپورٹ میں ہنر کی تربیت، سماجی تحفظ کو وسعت دینے اور کم آمدنی والے ممالک میں مقامی سطح پر ترقی کے لیے نجی وسائل کے استعمال کی حوصلہ افزائی جیسے اقدامات کے ذریعے پیداواری صلاحیت میں اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

'آئی ایل او' کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ہونگبو نے روزگار اور اجرتوں میں اضافے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سماجی انصاف اور پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کو حاصل کرنے کے لیے باوقار اور مفید روزگار کی لازمی اہمیت ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دنیا کو پہلے سے کمزور سماجی ہم آہنگی کو مزید نقصان پہنچانے، موسمیاتی تبدیلی میں شدت لانے اور بڑھتے ہوئے قرضوں کے مسئلے کو مزید بگاڑنے سے گریز کرتے ہوئے افرادی قوت کی منڈی کے مسائل حل کرنے اور مزید منصفانہ و مستحکم مستقبل کی تعمیر کے لیے فوری قدم اٹھانا ہوں گے۔