انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یو این چیف کا قازقستان میں طیارہ حادثہ پر اظہار تعزیت

قازقستان کے کاروباری ضلع آستانہ میں جدید فلک بوس عمارتیں اور دفتری عمارات۔
World Bank/Shynar Jetpissova قازقستان کا دارالحکومت آستانہ۔

یو این چیف کا قازقستان میں طیارہ حادثہ پر اظہار تعزیت

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے قازقستان میں آزربائیجان کا طیارہ گرنے سے ہلاکتوں پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اس واقعے میں آزربائیجان، قازقستان، جمہوریہ کرغیز اور روس سے تعلق رکھنے والے 38 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

بدھ کو آزربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روس کے شہر گروزنی جانے والا یہ طیارہ قازقستان کے مغربی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ طیارے پر عملے کے ارکان سمیت 67 افراد سفر کر رہے تھے جن میں سے 29 کی زندگی محفوظ رہی۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف)، شہری ہوابازی کے عالمی ادارے اور فضائی تعاون کے لیے اقوام متحدہ کے عالمی ادارے نے بھی اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاکتوں پر تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق طیارے کو حادثہ بحیرہ کیسپین کے مشرقی ساحل پر واقع ایکٹاؤ شہر کے قریب اس وقت پیش آیا جب اس نے موسم کی خرابی کے باعث اپنا رخ تبدیل کر لیا تھا اور نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس نے ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی۔ مقامی لوگوں کی جانب سے اس موقع کی بنائی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فضا میں ہچکولے کھاتا طیارہ تیزی سے زمین سے ٹکرایا جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

طیارے میں میں آذربائیجان کے 37 شہری، قازقستان کے چھ، کرغیزستان کے تین، اور روس کے 16 شہری اور عملے کے پانچ ارکان سوار تھے۔ تاحال اس حادثے کا سبب معلوم نہیں ہو سکا جبکہ آزربائیجان کے حکام نے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو اس کی وجوہات کا تعین کرے گی۔