بحران زدہ علاقوں میں جنسی و تولیدی صحت کے لیے 1.4 ارب ڈالر کی اپیل
جنسی و تولیدی صحت کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایف پی اے) نے آئندہ برس بحرانوں کا شکار 57 ممالک میں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق اور بہبود کو تحفظ دینے کے لیے 1.4 ارب ڈالر کے امدادی وسائل کی اپیل کی ہے۔
ان وسائل کے ذریعے چار کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ لوگوں کی زندگی کو تحفظ دینے کے لیے تولیدی صحت کی خدمات فراہم کرنے اور صنفی بنیاد پر تشدد کی روک تھام کے پروگراموں میں مدد ملے گی۔
یہ اپیل ایسے موقع پر جاری کی گئی ہے جب دنیا میں ایک کروڑ 10 لاکھ حاملہ خواتین کو آئندہ برس ہنگامی بنیادوں پر مدد کی ضرورت ہو گی۔
'یو این ایف پی اے' کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نتالیا کینم نے کہا ہے کہ مالی وسائل فراہم کرنے کی اس اپیل کے ذریعے عالمی برادری سے کہا جا رہا ہے کہ وہ بحران زدہ علاقوں میں خواتین اور لڑکیوں کی صحت اور وقار پر سرمایہ کاری کرے اور انہیں خوف و تشدد سے پاک مستقبل مہیا کرنے میں مدد دے۔
نقل مکانی اور تباہی
'یو این ایف پی اے' نے کہا ہے کہ عالمگیر بحرانوں کے باعث امسال دنیا بھر میں نقل مکانی کرنے والے لوگوں کی تعداد 12 کروڑ 26 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ ان میں نصف تعداد خواتین اور لڑکیوں کی ہے جبکہ قدرتی آفات اور موسمیاتی دھچکوں سے ان کی زندگی پر تباہ کن اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
مثال کے طور پر، حمل اور زچگی کے مسائل خواتین کی زندگی کے لیے خطرہ بن رہے ہیں جبکہ جنسی زیادتی اور صنفی بنیاد پر کئی طرح کے تشدد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
مزید برآں، بحرانوں اور ان کے نتیجے میں بڑھتی ہوئی ضروریات سے نمٹنے کے لیے خاطرخواہ مالی وسائل کی شدید قلت ہے۔ دنیا میں 34 جگہوں پر اس مقصد کے لیے درکار وسائل ضروریات کے مقابلے میں 75 فیصد کم ہیں۔ نتیجتاً، لاکھوں خواتین اور لڑکیوں کو ضروری خدمات تک رسائی نہیں رہی جس سے ان کی زندگی خطرے میں پڑ جاتی ہے اور بعض اوقات اس کے مہلک نتائج نکلتے ہیں۔
خواتین اور لڑکیوں پر سرمایہ کاری
ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ آئندہ سال مقامی و قومی سطح پر اقدامات کو مضبوط بنانا اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری میں بہتری لانا 'یو این ایف پی اے' کی دو اہم ترین ترجیحات ہیں۔ اس کے ساتھ مقامی سطح پر خواتین کے زیرقیادت تنظیموں/اداروں کے لیے امدادی وسائل کو 35 فیصد سے بڑھا کر 43 فیصد کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے۔
اس طرح دنیا بھر میں پھیلے متعدد مراکز میں ضروری سازوسامان کی موجودگی کو بڑھا کر بروقت اقدامات کی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ جب بحرانی حالات رونما ہوں تو فوری اور موثر کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔
خدمات کا نیٹ ورک
رسائی اور مالی وسائل سے متعلق غیرمعمولی مسائل کے باوجود امسال ادارے نے 10 ملین سے زیادہ لوگوں کو تولیدی صحت کی خدمات مہیا کیں اور بحرانوں کا شکار 59 ممالک میں 36 لاکھ لوگوں کو صنفی بنیاد پر تشدد سے تحفظ دینے اور اس مسئلے کی روک تھام کے اقدامات اٹھائے۔
ادارے نے ایسے علاقوں میں ہزاروں دائیوں اور طبی ٹیموں کے نیٹ ورک بھی قائم کیے ہیں جہاں ان کی اشد ضرورت ہے اور 3,500 سے زیادہ طبی مراکز کے ذریعے خواتین کو ضروری نگہداشت مہیا کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ، خواتین اور لڑکیوں کے لیے 1,600 سے زیادہ محفوظ جگہوں کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔