لبنان: جنگ میں گھر بار چھوڑنے پر مجبور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا
اقوام متحدہ کے اداروں نے بتایا ہے کہ لبنان میں اسرائیل کے حملوں سے تحفظ کے لیے نقل مکانی کرنے والے لوگوں کی تعداد متواتر بڑھ رہی ہے اور گھر بار چھوڑ کر محفوظ ٹھکانوں کی تلاش میں بھٹکتے لوگوں کو سنگین حالات کا سامنا ہے۔
پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایچ سی آر) نے کہا ہے کہ لبنان کے مختلف حصوں میں اسرائیل کی بمباری اور حزب اللہ کے ساتھ لڑائی میں کوئی کمی نہیں آئی۔ ملک میں مقیم شامی پناہ گزینوں کی بڑی تعداد نے دوبارہ شام کا رخ کیا ہے جہاں سے یہ لوگ جنگ اور تباہ کن انسانی حالات سے بچنے کے لیے لبنان آئے تھے۔
قرارداد 1701 پر عملدرآمد کا مطالبہ
اقوام متحدہ میں امور قیام امن کے لیے انڈر سیکرٹری جنرل ژاں پیئر لاکوا نے کہا ہے کہ ملک میں استحکام لانے اور اسے قائم رکھنے کے لیے سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر عملدرآمد ضروری ہے۔
لبنان کے دورے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور لبنان دونوں کو اس قرارداد کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا عہد کرنا ہو گا۔ اس دورے میں انہوں نے وزیراعظم نجیب میقاتی، پارلیمنٹ کے سپیکر نبیح بیری، وزیر دفاع موریس سلیم، وزیر خارجہ عبداللہ بو حبیب اور ملکی فوج کے کمانڈر جنرل جوزف عون سے ملاقاتیں کی ہیں۔
لبنان کے سفارت کاروں اور ملک میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یونیفیل) کے نمائندوں سے ملاقاتوں میں انہوں نے مشن کے ساتھ تعاون اور بلیو لائن کے ساتھ سلامتی اور استحکام برقرار رکھنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ یہ لبنان میں رواں سال ان کا تیسرا دورہ ہے۔
یونیفیل کا مفید کردار
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ تقریباً 50 ممالک سے تعلق رکھنے والے امن کار لبنان میں انتہائی مشکل حالات میں اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی ہرممکن کوشش کر رہے ہیں۔ اس طرح وہ مسئلے کے سیاسی اور سفارتی حل کی گنجائش پیدا کرنے اور اسے برقرار رکھنے میں مصروف ہیں۔ اس لگن اور عزم پر اقوام متحدہ ان کا بے حد مشکور ہے۔
انہوں نے لبنان اور اسرائیل کی سرحد کے قریب منصوری میں یونیفیل کی پوزیشن اور نقورہ میں اس کے ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کیا۔ اس دوران انہوں نے فوجی و غیرفوجی امن کاروں سے ملاقات کی جن میں ایسے اہلکار بھی شامل ہیں جو اسرائیل کے براہ راست حملوں میں زخمی ہوئے تھے۔
ژاں پیئر لاکوا نے اقوام متحدہ کی جانب سے جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ اس مقصد کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں اور قرارداد 1701 پر مکمل عملدرآمد کی حمایت کرتا ہے۔