انسانی کہانیاں عالمی تناظر
فرانس میں شمسی توانائی کا استعمال بڑھ رہا ہے۔

کاپ 29: مضر ماحول گیسوں کے ’نیٹ زیرو‘ اخراج کے ہدف کا حصول ضروری

Maxime Pontoire
فرانس میں شمسی توانائی کا استعمال بڑھ رہا ہے۔

کاپ 29: مضر ماحول گیسوں کے ’نیٹ زیرو‘ اخراج کے ہدف کا حصول ضروری

موسم اور ماحول

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ رواں صدی کے وسط تک گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کے حوالے سے 'نیٹ زیرو' ہدف کا حصول شہروں، علاقوں، کاروباروں اور مالیاتی اداروں کے فعال اور ذمہ دارانہ کردار کا تقاضا کرتا ہے۔

آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں جاری اقوام متحدہ کی سالانہ موسمیاتی کانفرنس (کاپ 29) میں غیر سرکاری اداروں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ دنیا کو موسمیاتی تباہی سے فوری تحفظ دینے کے لیے بڑے پیمانے پر عالمگیر کوششیں درکار ہیں۔ اس ضمن میں صارفین، سرمایہ کاروں اور کاروباری ضابطہ کاروں کو یہ سمجھنا اور سمجھانا ہو گا کہ قابل اعتبار 'نیٹ زیرو' کا کیا مطلب ہے۔

Tweet URL

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ موسمی شدت دنیا بھر میں معاشی تباہی پھیلا رہی ہے اور عالمی حدت میں اضافے کو صنعتی دور کے مقابلے میں 1.5 ڈگری سیلسیئس کی حد میں رکھنے کی گنجائش کم ہوتی جا رہی ہے۔ ان حالات میں آنے والی نسلوں کے لیے کرہ ارض کو رہنے کے قابل جگہ بنانے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔

اس اجلاس میں غیرسرکاری شعبے کے نمائندوں نے 2022 میں مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقدہ 'کاپ 27' میں جاری کردہ رپورٹ کی سفارشات کے تحت اپنے دو سالہ اقدامات سے آگاہ کیا۔

تحفظ کی راہ

زمین پر پیدا ہونے والی گرین ہاؤس گیسوں اور فضائی کرے سے ختم کی جانے والی ان گیسوں کی مساوی مقدار نیٹ زیرو کہلاتی ہے۔

'کاپ 27' کی اس رپورٹ میں 'نیٹ زیرو' ہدف کو مصدقہ اور جوابدہ طور سے حاصل کرنے کے لیے 10 سفارشات پیش کی گئی ہیں۔ ان میں بتایا گیا ہے کہ غیرسرکاری اداروں کو یہ ہدف حاصل کرنے اور موسمیاتی تبدیلی کو روکنے کے عمل میں ہر سطح پر اپنی پیش رفت کے حوالے سے کون سی باتیں مدنظر رکھنے کی ضرورت ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس ہدف تک پہنچنے کے لیے کاروباروں اور مالیاتی اداروں اور حکومت کے ساتھ کام کرنے والے دیگر اداروں کے مابین تعاون ضروری ہے۔

پیش رفت میں تیزی کی ضرورت

سیکرٹری جنرل نے نیٹ زیرو ہدف کی جانب عالمگیر کوششوں کی قیادت کرنے پر غیرسرکاری شعبے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب دوسروں کو بھی اسی راہ پر چلنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے تمام غیر سرکاری اداروں پر زور دیا کہ وہ آئندہ سال 'کاپ 30' کے انعقاد تک قابل تجدید توانائی کی جانب مضبوط اور جوابدہ طور سے منتقلی کے منصوبے بنائیں۔ ان منصوبوں کو عالمی حدت میں اضافہ 1.5 ڈگری سیلسیئس کی حد میں رکھنے کے ہدف کے مطابق ہونا چاہیے۔ اس کے ساتھ، 2050 تک نیٹ زیرو ہدف کے حصول کا لائحہ عمل بھی بنایا جائے جس میں 2025، 2030، 2035 اور اس کے بعد سنگ ہائے میل بھی مقرر کیے جائیں۔

سیکرٹری جنرل نے سائنسی بنیاد پر معدنی ایندھن کے استخراج و استعمال کا بتدریج خاتمہ کرنے کا لائحہ عمل تیار کرنے کو بھی کہا۔ انہوں نے غیرسرکاری اداروں پر زور دیا کہ وہ اس ضمن میں دوسروں پر اثرانداز ہونے اور پالیسی کے حوالے سے اپنی حکمت عملی کو سامنے لائیں۔ انہیں اپنی تمام ویلیو چین میں کاربن کے اخراج کا بڑے پیمانے پر خاتمہ کرنے کا عزم بھی کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبوں کا انحصار گرین ہاؤس گیسوں کے بالواسطہ اخراج یا 'سکوپ 3' کے تصور (کسی کاروباری ادارے/کمپنی کے براہ راست اقدامات کے بجائے اس کی پیداوار/ تیار کردہ اشیا کے استعمال، مہیا کردہ خدمات، کاروباری سفر یا فضلے/کچرے کو ٹھکانے لگانے سے گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج) پر نہیں ہونا چاہیے۔

انتونیو گوتیرش نے کہا کہ اب اس سمت میں تیزی سے پیش رفت کا وقت ان پہنچا ہے اور ظاہری اقدامات کے بجائے پرعزم اور شفاف طور سے آگے بڑھنا ہو گا۔

مضر ماحول گیسوں کے اخراج پر قابو پانے میں قومی حکومتوں کا کردار اہم ہے۔
Unsplash/Daniel Moqvist
مضر ماحول گیسوں کے اخراج پر قابو پانے میں قومی حکومتوں کا کردار اہم ہے۔

حکومتوں کے ساتھ چلنے پر زور

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پر قابو پانے کے لیے رضاکارانہ وعدوں کے بجائے اب لازمی قوانین بنانا ہوں گے کیونکہ انسانیت کا مستقبل داؤ پرلگا ہے اور ایسے میں اختیاری اقدامات کافی نہیں۔ کاروباروں اور مالیاتی اداروں پر لازم ہونا چاہیے کہ وہ 1.5 ڈگری کے ہدف کی مطابقت سے قابل تجدید توانائی کی جانب منتقلی کے منصوبے پیش کریں۔

انہوں نے غیرسرکاری اداروں سے کہا کہ وہ حکومتوں کو اس ہدف کی مطابقت سے مستقبل کی تعمیر کے لیے پالیسی اور ضابطہ کاری میں تعاون فراہم کریں۔ حکومتوں کی جانب سے اس ضمن میں دیگر کرداروں کے کام میں سہولت کی فراہمی کو یقینی بنانا اور اس مقصد کے لیے دیگر اداروں کے کام کو مزید پیچیدہ بنانے سے پرہیز کرنا ہو گا۔

کانفرنس کے چوتھے روز سیکرٹری جنرل نے موسمیاتی سائنس دانوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور نوجوان موسمیاتی کارکنوں سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔

کاپ 29 کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے یو این خبرنامہ کے خصوصی صفحے کا وزٹ کیجیے۔