انسانی کہانیاں عالمی تناظر

کاپ 16 کانفرنس: ماحول کے تحفظ میں افریقی و مقامی لوگوں کا کردار تسلیم

کاپ 16 کانفرنس میں پہلی دفعہ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ افریقی النسل لوگوں اور مقامی باشندوں کا قدرتی ماحول کے تحفظ میں اہم کردار ہے۔
UN Biodiversity
کاپ 16 کانفرنس میں پہلی دفعہ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ افریقی النسل لوگوں اور مقامی باشندوں کا قدرتی ماحول کے تحفظ میں اہم کردار ہے۔

کاپ 16 کانفرنس: ماحول کے تحفظ میں افریقی و مقامی لوگوں کا کردار تسلیم

رپورٹ: گریس وانیگس
موسم اور ماحول

حیاتیاتی تنوع کے تحفظ پر سب سے بڑی عالمی کانفرنس (کاپ 16) کولمبیا میں ختم ہو گئی ہے جس میں فطری جینیاتی معلومات اور افریقی النسل و قدیمی مقامی لوگوں کو ماحول کے محافظوں کی حیثیت سے تسلیم کیے جانے سمیت کئی تاریخی معاہدے طے پائے ہیں۔

کولمبیا کے شہر کالی میں ہونے والی 'کاپ 16' حیاتیاتی تنوع پر اقوام متحدہ کے کنونشن کے ریاستی فریقین کا 12 روزہ اجلاس تھا جس میں دنیا بھر سے 170 ممالک کے وفود نے شرکت کی اور تحفظ ماحول کی کوششوں کا جائزہ لینے کے ساتھ اس مقصد کے لیے نئے وعدے اور معاہدے کیے۔

Tweet URL

1992 میں 196 ممالک اور علاقوں کی جانب سے منظور کردہ اقوام متحدہ کے اس کنونشن کا مقصد ایسے اقدامات کو فروغ دینا ہے جن سے کرہ ارض کے تمام لوگوں کے لیے پائیدار مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔

کانفرنس کے موقع پر قدیمی مقامی باشندوں کی ترجمان کامیلا پاز رومیرو نے یو این نیوز کو بتایا کہ یہ کثیرفریقی ماحولیاتی معاہدوں کی تاریخ کا ایک غیرمعمولی موقع ہے۔ زندگی اور حیاتیاتی تنوع کی نگہداشت کے لیے اپنے علوم سے جڑے قدیمی اور مقامی لوگوں نے یہاں تک پہنچنے کے لیے طویل سفر کیا ہے۔

فطری تحفظ پر اہم فیصلہ

کانفرنس میں طے پانے والے معاہدوں کے تحت حیاتیاتی تنوع کے محافظوں کے حیثیت سے افریقی النسل اور دنیا کے قدیمی مقامی لوگوں کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کنونشن کے آرٹیکل 8جے کے تحت ایک ذیلی ادارہ قائم کیا جائے گا۔

کامیلا پاز نے بتایا کہ فریقین نے کنونشن کے مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے ان لوگوں کی مکمل اور موثر شراکت، علم، اختراعات، ٹیکنالوجی اور تحفظ ماحول کے روایتی طریقہ ہائے کار کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔

کنونشن پر دستخط کرنے والا ہر ملک قدیمی اور مقامی لوگوں کے علم، اختراعات اور طریقہ ہائے کار کا احترام کرے گا اور انہیں تحفظ دے گا تاکہ فطری ماحول کو تحفظ حاصل ہو اور حیاتیاتی تنوع سے پائیدار طور پر کام لیا جا سکے۔

قدیمی مقامی لوگوں کی نمائندگی

اس ادارے کے ذریعے قدیمی اور مقامی لوگوں کو حیاتیاتی تنوع کے تحفظ پر فیصلہ سازی میں موثر نمائندگی ملے گی۔ اس طرح ممالک اور ان لوگوں کے مابین بات چیت کو بہتر بنایا جا سکے گا اور ایسے اقدامات کا تعین ممکن ہو سکے گا جن سے فطری ماحول کو تحفظ مل سکتا ہو۔

سائنسی، تکنیکی اور ٹیکنالوجی سے متعلق مشاورتی ادارے نے بھی 'کاپ 16' میں شرکت کی جو حیاتیاتی تنوع کی صورتحال کا جائزہ لیتا ہے اور ضروری اقدامات پر عملدرآمد کے معاملے میں اہم تکنیکی و سائنسی معاملات پر سفارشات دیتا ہے۔

مقامی باشندوں کے نمائندے کاپ 16 کانفرنس میں قدرتی ماحول کے تحفظ میں اپنے کلیدی کردار کے تسلیم کیے جانے پر خوشی منا رہے ہیں۔
UN Biodiversity
مقامی باشندوں کے نمائندے کاپ 16 کانفرنس میں قدرتی ماحول کے تحفظ میں اپنے کلیدی کردار کے تسلیم کیے جانے پر خوشی منا رہے ہیں۔

ماحولیاتی محافظوں کی مدد

'کاپ 16' مںں مندوبین نے 'ڈیجیٹل سیکوئنس انفارمیشن' کے ذریعے مالی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ فطری جینیاتی معلومات سے تجارتی بنیادوں پر کام لینے والے اداروں سے حاصل کی جانے والی رقم اس فنڈ میں جمع ہو گی۔

جو کمپنیاں ان معلومات کی بنیاد پر اشیا تیار کرتی ہیں انہیں اپنے منافع کا ایک حصہ براہ راست یا حکومتوں کے ذریعے قدیمی اور مقامی لوگوں کو دینا ہو گا۔ اس ضمن میں قومی سطح پر حیاتیاتی تنوع کی صورتحال اور اس کے تحفظ سے متعلق ضروریات کو مدنظر رکھا جائے گا۔

حل طلب مسائل

'کاپ 16' میں دو معاملات طے کرنے میں کامیابی نہیں ملی جو کہ حیاتیاتی تنوع پر کُنمنگ مونٹریال فریم ورک پر عملدآمد کے لیے ضروری ہیں۔

ان میں حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مالیاتی نمونے کا تعین اور ممالک کی جانب سے حیاتیاتی تنوع کو تحفظ دینے کے لائحہ عمل پر عملدرآمد کی نگرانی شامل ہیں۔

کانفرنس کے اختتام پر ان معاملات کے حوالے سے ہونے والی بات چیت مذاکرات کاروں کی تعداد میں کمی کے باعث ملتوی کر دی گئی۔

لوگوں کی کانفرنس

کانفرنس کے موقع پر سول سوسائٹی کے گروہوں نے ایک 'گرین زون' بھی قائم کیا جہاں تقریباً 40 ہزار افراد نے مختلف سرگرمیوں میں شرکت کی جنہیں دیکھنے کے لیے 10 لاکھ لوگ آئے۔

کولمبیا کی وزیر ماحولیات سوزانا محمد نے بتایا کہ ایک طرح سے یہ لوگوں کی کانفرنس تھی۔ اس میں 'فطرت کے ساتھ امن' کا اتحاد قائم کیا گیا اور کولمبیا کی تاریخ میں حیاتیاتی تنوع کے حوالے سے اب تک کی اہم ترین مہم بھی شروع کی گئی۔