شہروں میں پائیدار ترقی کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے قاہرہ میں فورم
دنیا کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور شہر پھیلتے جا رہے ہیں۔ ان حالات میں شہری ماحول کو لوگوں کے لیے مستحکم اور محفوظ کیسے بنایا جا سکتا ہے؟ ان سوالات کا جواب 12ویں عالمی شہری فورم (ڈبلیو یو ایف) میں ملے گا جو 4 تا 8 نومبر مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہو رہا ہے۔
عالمی شہری فورم کیا ہے؟
'ڈبلیو یو ایف' پائیدار شہری ترقی پر اقوام متحدہ کی ایک بڑی کانفرنس ہے جو پہلی مرتبہ 2001 میں منعقد ہوئی اور اس کا مقصد شہروں کی آبادی میں تیزی سے ہوتے اضافے سے پیدا شدہ مسائل پر قابو پانا تھا۔ تب سے ہر دو سال کے بعد ایک فورم کا انعقاد کیا جاتا ہے جس نے پائیدار قصبات اور شہروں کے بارے میں اقوام متحدہ کے ادارے 'یو این ہیبیٹیٹ' کو دنیا بھر میں رہائش کے بحران اور موسمیاتی تبدیلی، جنگوں اور غربت جیسے مسائل کا حل نکالنے کے لیے شراکتیں اور اتحاد قائم کرنے میں مدد دی ہے۔
شہری فورم کیوں اہم ہے؟
آج دنیا کی تقریباً نصف آبادی شہروں میں رہتی ہے اور 2050 تک اس کے 70 فیصد تک پہنچ جانے کا امکان ہے۔ شہری مراکز کی جانب نقل مکانی نے لوگوں، شہروں، معیشتوں، موسمیاتی تبدیلی اور پالیسیوں پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔
افریقہ میں یہ رحجان کہیں زیادہ نمایاں ہے جہاں آئندہ 30 برس میں شہروں کی آبادی دو گنا بڑھنے کی توقع ہے۔ براعظم کے دیگر شہروں کی طرح قاہرہ بھی دنیا کا ایک بڑا شہری مرکز بن رہا ہے جس کی آبادی 2035 تک ایک کروڑ ہو جائے گی۔
'یو این ہیبیٹیٹ' کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایناکلاڈیا روسبیخ نے کہا ہے کہ 'ڈبلیو یو ایف' تبدیلی لانے کے لیے قائم کردہ ایک بڑا اتحاد ہے۔ اس کا مقصد پائیدار شہری ترقی کے لیے کام کرنے والوں کے مابین تعاون کو فروغ دینا ہے۔
فورم کا بنیادی موضوع کیا ہے؟
'آغاز گھر سے ہوتا ہے: پائیدار شہروں اور لوگوں کے لیے مقامی سطح پر اقدامات' امسال 'ڈبلیو یو ایف' کا بنیادی موضوع ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ مسائل کا حل وہاں سے شروع ہونا چاہیے جہاں لوگ رہتے، کام کرتے اور اپنی زندگیوں کو تعمیر کرتے ہیں۔
اس فورم میں عالمی سطح پر رہائش کے بحران سے متعلق خاص طور پر بات چیت ہو گی جسے موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتی ہوئی عدم مساوات نے اور بھی شدید بنا دیا ہے۔
روسبیخ کا کہنا ہے کہ گھر کے حوالے سے بات چیت اور مقامی سطح پر اٹھائے جانے والے اقدامات پر گفت و شنید کا مقصد اس مسئلے سے نمٹںے کے لیے عالمی اہداف کو لوگوں کی زندگیوں میں واضح بہتری سے تبدیل کرنا ہے۔ یہ فورم مقامی سطح پر اٹھائے گئے کامیاب اقدامات پر گفتگو کرنے اور کسی ایک شہر میں ہونے والی ترقی کو دیگر کے لیے بھی باعث تحریک بنانے پر غوروخوض کا پلیٹ فارم ہو گا۔
اس موقع پر مندوبین شہری منصوبہ کاروں اور حکام کی جانب سے شہریوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اختیار کردہ بہت سے طریقوں کے بارے میں بھی جانیں گے۔ اس میں شہروں کے اندر سرسبز جگہیں، باغات اور جنگلات قائم کرنا بھی شامل ہے جس سے گرمی کی شدت کو کم کرنے، فضا کا معیار بہتر بنانے اور حیاتیاتی تنوع کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔
آگے کیا ہو گا؟
قاہرہ میں منعقدہ اس فورم میں الاسمرات کو ترقی دینے کی منصوبہ بندی کی جائے گی جو اس شہر میں کم آمدنی والا علاقہ ہے۔ قاہرہ کے گورنر کے تعاون سے اٹھایا جانے والے اس اقدام کا مقصد علاقے کو پائیدار شہریت کی جیتی جاگتی مثال میں تبدیل کرنا ہے۔
روسبیخ کا کہنا ہےکہ یہ اقدام اس یقین کا اظہار ہے کہ تمام شہر، تمام معاشرے اور تمام لوگ بہتر مستقبل کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
'یو این ہیبیٹیٹ' کا ایک بڑا مقصد پائیدار شہری ترقی کو فروغ دینے کے لیے اس فورم میں نئی شراکتیں اور اتحاد قائم کرنا ہے جس سے ناصرف ادارے کے 'نئے شہری ایجنڈے' بلکہ پائیدار ترقی کے لیے 2023 کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں بھی مدد ملے گی جو کہ تمام لوگوں کے لیے بہتر اور مزید مستحکم مستقبل کا تصور پیش کرتے ہیں۔
ادارہ ایسے شہری منصوبوں پر مقامی حکام کے ساتھ اور ایسی سرگرمیوں میں اشتراک بھی جاری رکھے گا جو دنیا بھر میں شہروں کی زندگی میں تبدیلی لا رہے ہیں۔ مثال کے طور پر 'یو این ہیبیٹیٹ' کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں واقع غیررسمی آبادی کیبیرا میں دریائے اینگونگ کا بہاؤ دوبارہ فعال کرنے اور مقامی آبادی کے لیے ماحول کو بہتر بنانے کی غرض سے نچلی سطح پر کام کرنے والی تنظیموں کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ اسی طرح، میانمار کے دارالحکومت یانگون میں بارشوں کے پانی کو زرعی مقاصد کے لیے جمع کرنے اور شہر کی غریب آبادی کو محفوظ اور سستا پانی مہیا کرنے کے لیے مقامی سماجی گروہوں کے اشتراک سے کام ہو رہا ہے۔ 'یو این ہیبیٹیٹ' نے بولیویا میں بھی ایک قومی منصوبے کو آگے بڑھانے میں مدد دی ہے جس کا مقصد شہر میں رہنے والے لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانا ہے۔