شمالی کوریا کا دور مار بلسٹک میزائل تجربہ قابل مذمت، گوتیرش
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے شمالی کوریا کی جانب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بلسٹک میزائل کے تجربے کی مذمت کرتے ہوئے اسے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جزیرہ نما کوریا کے حالات باعث تشویش ہیں اور ایسے واقعات سے خطے کا امن خطرے میں پڑ جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ سیکرٹری جنرل علاقے میں کشیدگی کا خاتمہ کرنے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد، مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا ماحول تخلیق کرنے اور بات چیت شروع کرنے پر زور دیتے آئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سفارتی سطح پر بات چیت ہی جزیرہ نما کوریا میں پائیدار امن قائم کرنے اور علاقے کو قابل تصدیق طور پر جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا واحد راستہ ہے۔
سلامتی کونسل اجلاس
شمالی کوریا کے اس تجربے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کے لیے سلامتی کونسل کا اجلاس سوموار کو ہونے کا امکان ہے۔ یہ اجلاس بلانے کی درخواست امریکہ، فرانس، جاپان، مالٹا، جنوبی کوریا، سلووینیہ اور برطانیہ نے دی ہے۔
دوسری جانب، شمالی کوریا نے تصدیق کی ہے کہ اس نے بین البراعظم بلسٹک میزائل (آئی سی بی ایم) کا تجربہ کیا ہے۔
اس کے ہمسایہ ممالک جاپان اور شمالی کوریا نے تجربے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے شمالی کوریا کی جانب سے جدید ہتھیاروں کی تیاری کے خطرات سامنے آئے ہیں جو خطے میں عدم استحکام کا باعث بنیں گے۔