انسانی کہانیاں عالمی تناظر

ایران یو این اہلکاروں کو حوثیوں کی قید سے رہائی دلانے میں مدد کرے، گوتیرش

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش (فائل فوٹو)۔
UN Photo/Laura Jarriel
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش (فائل فوٹو)۔

ایران یو این اہلکاروں کو حوثیوں کی قید سے رہائی دلانے میں مدد کرے، گوتیرش

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے ایران سے کہا ہے کہ وہ یمن میں زیر حراست ادارے کے عملے کی رہائی کے لیے حوثیوں پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔

سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے نیویارک میں معمول کی بریفنگ کے دوران بتایا ہے کہ انتونیو گوتیرش نے ایران کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر بات کی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ حوثیوں کی جانب سے اقوام متحدہ کے عملے کی گرفتاری اسے حاصل استحقاق اور استثنیٰ کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے تمام قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کے ایسے اقدامات یمن میں اقوام متحدہ کے کام کے لیے نقصان دہ ہیں جو ملک کے لاکھوں لوگوں کی تکالیف دور کرنے اور ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ یمن میں حوثیوں کے زیرحراست اپنے عملے، غیرسرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی کے ارکان کی فوری اور غیرمشروط رہائی کا متواتر مطالبہ کرتا آیا ہے۔ حوثیوں نے ان میں سے بیشتر لوگوں کو رواں سال جون میں گرفتار کیا تھا جبکہ بعض لوگ 2023 اور 2021 سے زیرحراست ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سیکرٹری جنرل نے ایران کے وزیر خارجہ سے علاقائی تناؤ میں کمی لانے کی کوششوں پر بھی بات چیت کی۔

امدادی عملے پر مقدمات

چند روز قبل اقوام متحدہ کے اداروں اور بین الاقوامی غیرسرکاری تنظیموں (آئی این جی اوز) کے سربراہوں نے بھی یمن میں حوثیوں کے زیرحراست اپنے عملے کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے اداروں اور بین الاقوامی این جی اوز کے سربراہوں نے خبردار کیا ہے کہ ایسے اقدامات سے ان کی یمن کے لاکھوں لوگوں کو ضروری انسانی امداد فراہم کرنے کی صلاحیت مزید متاثر ہو گی۔ ملک میں امدادی کارکنوں کو نشانہ بنانے، انہیں ناجائز قید میں ڈالنے، دھمکانے، ان سے بدسلوکی اور ان پر ناجائز الزامات عائد کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے اور تمام گرفتار لوگوں کو فوری رہا کیا جائے۔

اطلاعات کے مطابق حوثیوں کی قید میں اقوام متحدہ اور بین الاقوامی این جی اوز کے بعض اہلکاروں پر مجرمانہ الزامات کے تحت مقدمات چلائے جا رہے ہیں۔