انسانی کہانیاں عالمی تناظر

پاکستان: کان کنوں کے قتل پر اقوام متحدہ کے شعبہ انسانی حقوق کو تشویش

دکی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے تقریباً 300 کلومیٹر فاصلے پر واقع ہے۔
© Unsplash/Muhammad Amer
دکی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے تقریباً 300 کلومیٹر فاصلے پر واقع ہے۔

پاکستان: کان کنوں کے قتل پر اقوام متحدہ کے شعبہ انسانی حقوق کو تشویش

انسانی حقوق

اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں مسلح افراد کے ہاتھوں 20 کان کنوں کی ہلاکت پر تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ادارے کے ترجمان تہمین الخطین نے پاکستان کے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی انسانی حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے اس واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کریں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات پیش نہ آئیں۔

Tweet URL

ترجمان نے سیاسی جماعت پشتون تحفظ موومنٹ پر انسداد دہشت گردی سے متعلق قانون کے تحت پابندی پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت بین الاقوامی قانون کے تحت اس اقدام پر فوری نظرثانی کرے تاکہ آزادی اظہار و اجتماع کا احترام یقینی بنایا جا سکے اور انتظامیہ کے پاس ناجائز طور پر زیرحراست لوگ رہا ہو سکیں۔

انہوں نے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ سیاسی مکالمے سے کام لیتے ہوئے نسلی اقلیتوں کی محرومیوں کا ازالہ کریں اور انسانی حقوق کے محافظوں کا تحفظ اور پر امن اظہار و اجتماع کا احترام یقینی بنائیں۔

محنت کشوں پر حملے

10 اکتوبر کو بلوچستان کے ضلع دکی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 20 کان کن ہلاک اور سات زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس کے مطابق، ہلاک ہونے والے مزدوروں میں سے چار کا تعلق افغانستان جبکہ دیگر کا بلوچستان کے علاقوں ژوب، قلعہ سیف اللہ، پشین، موسیٰ خیل اور کچلاک سے تھا۔

اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

دکی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے تقریباً 300 کلومیٹر فاصلے پر واقع ہے جس کی بیشتر آبادی پشتون نسل کے قبائل پر مشتمل ہے۔ یہاں کوئلے کے ذخائر ہیں جہاں بڑی تعداد میں مزدور کام کرتے ہیں۔

اس سے پہلے بھی دکی اور اس کے نواحی علاقوں میں کوئلے کی کانوں اور کوئلہ لے جانے والے ٹرکوں پر حملوں کے علاوہ مزدوروں کے اغوا اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے جیسے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔ رواں سال مئی میں یہاں بارودی سرنگ کے دھماکے میں دو مزدور ہلاک اور 17 زخمی ہو گئے تھے۔