یوتھ فیسٹیول: امینہ محمد کا غربت کے خاتمہ اور پائیدار ترقی پر زور
اقوام متحدہ کی نائب سیکرٹری جنرل امینہ محمد نے کہا ہے کہ اگرچہ دنیا میں بدحالی عام ہے لیکن لوگوں کے دل میں روشن امید کی بدولت غربت کو شکست دینا، کرہ ارض کا تحفظ اور مساوات کا مطالبہ کرنا مشکل نہیں۔
انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کی 79ویں جنرل اسمبلی کے موقع پر ہفتے کو نیویارک کے سنٹرل پارک میں جمع ہونے والے ہزاروں افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہی جو وہاں 'گلوبل سٹیزن فیسٹیول' میں شرکت کے لیے آئے تھے۔
اس موقع پر انہوں نے باآواز بلند کہا 'نیویارک میں جمع لوگو، میں آپ کو سن سکتی ہوں۔ کیا ہم سب اپنا کام کرنے کے لیے تیار ہیں؟'
'شدید غربت کا خاتمہ' امسال شہریوں کے اس سالانہ میلے کا بنیادی موضوع تھا جو پائیدار ترقی کے 17 اہداف (ایس ڈی جی) میں بھی شامل ہے۔ حسب سابق اس میلے کا انعقاد اسمبلی کے اعلیٰ سطحی ہفتے کے اختتامی ایام میں ہوا۔ اس موقع پر امینہ محمد نے عالمگیر اہداف کے حصول کا عزم برقرار رکھنے کے لیے گزشتہ دنوں منظور کردہ مستقبل کے معاہدے کا تذکرہ بھی کیا۔
ارب ڈالر کے وعدے
اس میلے میں تقریباً 60 ہزار لوگوں نے شرکت کی اور عالمی رہنماؤں، فلاحی شخصیات اور نجی شعبے کے لوگوں کو غربت کے خاتمے سے متعلق وعدے کرتے سنا۔
امسال 'گلوبل سٹیزن فیسٹیول' میں شدید غربت کا خاتمہ کرنے اور اقوام متحدہ اور ایس ڈی جی سے پوری طرح ہم آہنگ اہداف کے ذریعے کرہ ارض کو تحفظ دینے کے لیے ایک ارب ڈالر کی فراہمی کے وعدے کیے گئے۔
میلے میں شریک آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ میلی کا کہنا تھا کہ ایسی جگہ آنا بہت متاثر کن ہے جہاں بہت بڑی تعداد میں نوجوان ناصرف موسیقی سننے بلکہ تبدیلی کے مقصد کو لے کر جمع ہوئے ہیں۔
اس موقوع پر ڈوجا کیٹ، پوسٹ میلون، ایڈ شیران اور کرس مارٹن سمیت معروف گلوکاروں نے فن کا مظاہرہ کیا۔
غربت کا خاتمہ
'گلوبل سٹیزن' اپریل سے جی20 ممالک پر زور دے رہے ہیں کہ وہ بین الاقوامی ترقیاتی انجمن (آئی ڈی اے) کے لیے اپنی مالی معاونت میں اضافہ کریں۔ یہ عالمی بینک کا مالیاتی فنڈ ہے جس کا مقصد دنیا میں کم ترین آمدنی والے 77 ممالک میں غربت کا خاتمہ کرنا ہے۔
اس میلے کے دوران ڈنمارک نے 'آئی ڈی اے' کو 491 ملین ڈالر دینے کا وعدہ کیا جو گزشتہ سال اس کی فراہم کردہ رقم سے 40 گنا زیادہ ہے۔ ڈنمارک کے وزیر خزانہ نکولائی وامین اور اداکار نکولاج کوسٹر والڈو نے سٹیج پر آ کر اس وعدے کا اعلان کیا اور 'گلوبل سٹیزن' کے اقدامات پر ممنونیت کا اظہار کیا۔
والڈو اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو ای ڈی پی) کے خیرسگالی سفیر بھی ہیں۔ انہوں نے میلے کے شرکا سے مخاطب ہو کر کہا 'ہیلو نیویارک، عالمی شہریو، ہم نے آپ کی آواز سن لی ہے۔'
ڈنمارک کا یہ بروقت وعدہ اس لیے بھی بہت اہم ہے کہ جولائی 2025 میں اسے یورپی یونین کی صدارت سنبھالنا ہے۔ اس کے وعدے سے یونین کے دیگر ممالک کو بھی یہ مضبوط پیغام ملا ہے کہ عالمگیر ترقی کے لیے سرمایہ کاری کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
اس موقع پر سپین اور برطانیہ نے بھی 'آئی ڈی اے' کے لیے اپنی مالی معاونت میں اضافے کے وعدے کیا۔ ان کی جانب سے مہیا کی جانے والی رقم کا تعین آئندہ مہینوں میں ہو گا۔
کرہ ارض کا تحفظ
'گلوبل سٹیزن فیسٹیول' کا ایک اور اہم مقصد عالمی رہنماؤں سے کرہ ارض کے دفاع کے وعدے لینا تھا۔
متعدد رہنماؤں کی جانب سے ماحول کو تحفظ دینے کے وعدوں کے علاوہ اس میلے سے قبل اقوام متحدہ کے سبق سیکرٹری جنرل بان کی مون نے 'گلوبل سٹیزن ناؤ' کے صحت و موسمیات پر منعقدہ اجلاسوں میں معدنی ایندھن کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے کی توثیق بھی کی۔
میلے میں شریک امریکہ کی ریاستی مسیسپی سے تعلق رکھنے والی 26 سالہ روز کا کہنا تھا کہ رہنماؤں کو اچھے اقدامات کے محض وعدوں کے بجائے عملی اقدامات کرتے دیکھنا خوش کن ہے۔