سفارتکاری بہتر ہتھیار کیونکہ آگ کو آگ سے بجھانا ناممکن، یو اے ای
متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور شیخ شخبوط نہیان النہیان نے عالمی مسائل پر قابو پانے کے لیے کثیرفریقی نظام کو مضبوط اور دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی مباحثے میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ کثیرفریقی نظام میں بہتری لانے کا آغاز سلامتی کونسل میں اصلاحات سے ہونا چاہیے اور اس کوشش میں اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کی شمولیت ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کونسل کی ساکھ کو بحال کرنے اور اسے عالمی امن و سلامتی برقرار رکھنے کے اپنے بنیادی مقصد کی تکمیل میں مدد ملے گی اور بین الاقوامی قوانین کو پامال کرنے والوں کا محاسبہ یقینی ہو سکے گا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک سفارت کاری کو مسائل کے حل کا بہترین طریقہ سمجھتا ہے۔ آگ کو آگ سے نہیں بجھایا جا سکتا اور جب روایتی طریقہ ہائے کار سے مسئلہ حل نہ ہو تو ان میں تبدیلی لانا ضروری ہو جاتا ہے۔
فلسطین: دو ریاستی حل کی حمایت
شیخ شخبوط نے غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی اور علاقے میں بڑے پیمانے پر انسانی امداد کی فراہمی اور اس میں حائل رکاوٹیں دور کرنے، تمام یرغمالیوں اور قیدیوں کی رہائی اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کا ملک غزہ کے معصوم شہریوں کی مدد کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔ متحدہ عرب امارات نے انہیں زمینی، فضائی اور سمندری راستے سے امداد پہنچانے کے لیے اقدامات کیے ہیں جبکہ رفح میں ایک طبی مرکز اور العریش کے ساحل پر ایک تیرتا ہسپتال بھی قائم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا ملک فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (انرا) کی حمایت اور امدادی کارکنوں کے کام کی ستائش کرتا ہے جو تاریکی میں امید کی کرن ہیں۔
انہوں نے دو ریاستی تصور کی بنیاد پر آزاد فلسطینی ریاست قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں ایک عارضی بین الاقوامی مشن بھیجا جانا چاہیے جو وہاں انسانی تباہی سے نمٹنے اور قانون و سلامتی یقینی بنانے کے لیے کام کرے۔
لبنان کا مسئلہ اور ایران سے مطالبہ
اماراتی وزیر خارجہ نے لبنان اور اسرائیل کے مابین کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے دانائی سےکام لینے کو کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس خطرے کے بارے میں خبردار کیا جا رہا تھا وہ اب بے قابو ہو رہا ہے۔ ایسے وقت میں لبنان میں جنگ شروع ہونا افسوسناک ہے جب غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا اعلان ہونے کو تھا۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے لبنان کے لوگوں کی مدد کے لیے 100 ملین ڈالر مالیت کی امداد بھیجنے کا حکم دیا ہے تاکہ انہیں درپیش حالیہ مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
شیخ شخبوط نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے ملک کی ملکیتی تین جزیروں پر اپنا قبضہ ختم کرے اور اس مسئلے کو براہ راست بات چیت یا عالمی عدالت انصاف کے ذریعے حل کرنے میں تعاون کرے۔
سوڈان میں جنگ بندی کا مطالبہ
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سوڈان میں اپنے سفیر کی رہائش گاہ پر ملکی فوج کے حملے کی مذمت کرتا ہے۔ یہ حملہ سفارتی احاطوں کو حاصل تحفظ سے متعلق بین الاقوامی معاہدوں اور روایات بالخصوص سفارتی تعلقات پر ویانا کنونشن کی پامالی ہے۔
انہوں نے سوڈان کے متحارب فریقین پر زور دیا کہ وہ لڑائی کو فوری اور مستقل طور پر روک دیں، امن بات چیت میں سنجیدگی سے شریک ہوں اور ملک میں امداد کی ترسیل میں سہولت فراہم کریں۔
موسمیاتی مسائل سے نمٹنے کا عزم
وزیر خارجہ نے کہا کہ انسانیت اور کرہ ارض کو درپیش مسائل بشمول موسمیاتی تبدیلی پر قابو پانے کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان کے ملک میں منعقدہ 28ویں موسمیاتی کانفرنس میں کہا گیا تھا کہ اگر دنیا متحد ہو کر کام کرے تو عالمی حدت میں اضافے اور اس سے متعلقہ دیگر مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کا ملک موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے، قابل تجدید اور ماحول دوست توانائی کو فروغ دینے اور پانی کی قلت کے بحران میں کمی لانے کی کوششوں میں تمام ممالک کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔ اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات سینیگال کی شراکت سے 2026 میں آبی کانفرنس کی میزبانی بھی کرے گا۔