انسانی کہانیاں عالمی تناظر

بنگلہ دیش: یو این ادارہ انسانی حقوق کی پامالیوں کی تحقیقات میں معاون

بنگلہ دیش کا دارالحکومت ڈھاکہ۔
© Unsplash/Shafiqul Islam
بنگلہ دیش کا دارالحکومت ڈھاکہ۔

بنگلہ دیش: یو این ادارہ انسانی حقوق کی پامالیوں کی تحقیقات میں معاون

انسانی حقوق

اقوام متحدہ کا دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) بنگلہ دیش میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی تحقیقات کے لیے ملک کی عبوری حکومت کو مدد فراہم کرے گا۔

ادارے کی ٹیم نے 22 تا 29 اگست بنگلہ دیش کے دورے میں حالیہ احتجاج کی قیادت کرنے والے طلبہ رہنماؤں، عبوری حکومت کے مشیروں، ملک کے چیف جسٹس، پولیس اور مسلح افواج کی قیادت، وکلا، صحافیوں، حقوق کے محافطوں، سیاسی نمائندوں اور اقلیتی و قدیمی مقامی برادریوں کے ارکان سے ملاقاتیں کی ہیں۔

Tweet URL

ان ملاقاتوں میں شہری آزادیوں، سچائی، انصاف، مفاہمت، اندمال، ازالے اور مفاہمت سمیت اصلاحاتی عمل کے لیے متعدد ایسے طریقوں پر بات چیت کی گئی جن کے ذریعے ادارہ حکومت کو مدد فراہم کر سکتا ہے۔

دفتر کی ترجمان روینہ شمداسانی نے بتایا ہے کہ ٹیم نے جولائی اور اگست میں سابقہ حکومت کے خلاف عوامی احتجاج کے تناظر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی تحقیقات کے ممکنہ طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

وولکر ترک کو دورے کی دعوت

ترجمان کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک کو ملک کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی ہے۔ اس کا مقصد ان سے یکم جولائی سے 15 اگست تک حقوق کی پامالیوں کے واقعات کی آزادانہ و غیرجانبدارانہ تحقیقات کے لیے مدد لینا ہے۔

'او ایچ سی ایچ آر' آئندہ ہفتوں میں بنگلہ دیش کے لیے ایک تحقیقاتی ٹیم کا تقرر کرےگا جو حالیہ مظاہروں میں حقوق کی خلاف ورزیوں کی بنیادی وجوہات جاننے کے بعد طویل مدتی اصلاحات کے لیے انصاف اور احتساب سے متعلق سفارشات پیش کرے گی۔

بنگلہ دیش کی عبوری حکومت اور سکیورٹی فورسز نے ٹیم کو اس کام میں مکمل تعاون فراہم کرنے کے وعدے کیے ہیں۔

جبری گمشدگیوں کی تحقیقات

ہائی کمشنر نے بنگلہ دیش کی جانب سے تمام لوگوں کو جبری گمشدگیوں سے تحفظ دینے کے بین الاقوامی کنونشن کی رکنیت لینےکا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مبینہ طور پر جبراً لاپتہ کیے جانے والے لوگوں کی تلاش کے لیے پانچ رکنی قومی تحقیقاتی کمیشن کے قیام کو بھی سراہا ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ 'او ایچ سی ایچ آر' کمیشن کو اس کے کام میں مدد دینے کے لیے تیار ہے جس میں انسانی حقوق کے بین الاقوامی ضابطوں بشمول گمشدہ لوگوں کی تلاش کے رہنما اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے متاثرین اور ان کے خاندانوں سے بھی مشاورت ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ ادارہ اس اہم موقع پر جمہوریت کے احیا، احتساب، مفاہمت اور تمام لوگوں کے انسانی حقوق کے فروغ و تحفظ کے لیے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت اور اس کے عوام کے ساتھ کام کرنے کا متمنی ہے۔