مون سون: بارشوں اور سیلاب سے جنوب ایشیائی ممالک میں وسیع تباہی
اقوام متحدہ نے بتایا ہے کہ جنوبی ایشیا میں مون سون کی شدید بارشوں اور سیلاب سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں اور بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔
بنگلہ دیش میں بارشوں سے ایک کروڑ 80 لاکھ لوگوں کی زندگی متاثر ہوئی ہے جن میں 12 لاکھ سیلاب میں پھنسے ہیں۔ پاکستان میں گزشتہ دو ماہ کے دوران سیلاب کے نتیجے میں 254 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
انڈیا میں حالیہ بارشوں کے بعد پہاڑی تودے گرنے اور سیلاب کے نتیجے میں 26 ہلاکتوں کی اطلاع ہے جبکہ ایک لاکھ 17 ہزار افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ نیپال میں بھی شدید بارشوں نے تباہی مچائی ہے جس سے کئی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔
بنگلہ دیش
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے بتایا ہے کہ بنگلہ دیش میں چٹوگرام اور سلہٹ کے علاقے سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جہاں 20 لاکھ بچوں سمیت تقریباً 50 لاکھ افراد کو اس قدرتی آفت کی تباہ کاریوں کا براہ راست سامنا ہے۔ ان لوگوں کی بڑی تعداد تاحال خوراک اور دیگر امداد سے محروم ہے۔
ان علاقوں میں منگل تک 20 اموات کی اطلاع تھی جبکہ سڑکوں، فصلوں اور ماہی گیری کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جس سے لوگوں کے روزگار متاثر ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے شراکت داروں نے بتایا ہے کہ بعض جگہوں پر ایک ہفتے سے پہلے پانی اترنے کی امید نہیں جس سے کئی طرح کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔
پاکستان
ہنگامی امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا)نے بتایا ہے کہ پاکستان میں رواں سال جولائی سے اب تک سیلاب سے ہونے والی ہلاکتوں میں تقریباً نصف تعداد بچوں کی ہے۔ اس سے قدرتی آفات کے سامنے بچوں کے انتہائی غیرمحفوظ ہونے کا اندازہ بھی ہوتا ہے۔
سیلاب نے روزگار اور سکولوں، سڑکوں اور پلوں جیسی اہم تنصیبات کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔
ملک میں اس آفت سے ہونے والے نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے جبکہ امدادی شراکت داروں اور سرکاری حکام نے بتایا ہے کہ متاثرین کو خوراک، پینے کا صاف پانی، ادویات اور صحت و صفائی کے سامان کی اشد ضرورت ہے۔
انڈیا
مشرقی انڈیا کی ریاست تریپورہ میں 72 گھنٹے سے زیادہ وقت تک متواتر جاری رہنے والی بارش کے نتیجے میں شدید سیلاب آ گیا ہے۔ پہاڑی علاقے میں بارشوں کے نتیجے میں تودے گرنے کے 2,000 سے زیادہ واقعات پیش آئے ہیں اور ان حالات میں مجموعی طور پر 17 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ اس علاقے میں 1983 کے بعد آنے والا بدترین سیلاب ہے۔
شمالی ریاست ہماچل پردیش میں بھی پہاڑی تودے گرنے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے اور ایسے حادثات میں کئی لوگ ہلاک و زخمی ہو گئے ہیں۔
نیپال
مون سون کی بارشوں نے نیپال میں بھی تباہی مچائی ہے جہاں گلیشیئر پگھلنے کے باعث کئی علاقوں میں شدید سیلابی کیفیت ہے۔ ماؤنٹ ایورسٹ کے قریبی علاقے میں گلیشیئر جھیل پھٹنے سے 3,800 میٹر کی بلندی پر واقع تھیمے گاؤں سیلاب برد ہو گیا ہے۔ یہ علاقہ کوہ پیمائی کرنے والوں کی مشہور جائے قیام سمجھا جاتا ہے۔
اس واقعے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں تاہم دیہاتیوں کے گھر، چھوٹے ہوٹل، ایک سکول اور طبی مرکز سیلاب کی نذر ہو گئے ہیں۔ حالیہ مون سون کی بارشوں کے دوران ملک بھر میں مختلف حادثات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 200 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
گزشتہ مہینے دو بسیں ایک دریا کے سیلابی پانی میں ڈوب گئی تھیں جن میں سوار 65 افراد ہو گئے تھے۔